مظفرآباد

کارڈیک ہسپتال مشینری‘ آلات کیلئے نئی سمری حکومت کو ارسال کرنیکا فیصلہ

مظفرآباد (محاسب نیوز)وزیر صحت عامہ آزاد کشمیر سید بازل علی نقوی کے خصوصی احکامات پر ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ ڈاکٹر سردار آفتاب حسین نے کارڈیک سرجری ہسپتال مظفرآباد کا اچانک دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد ہسپتال میں طبی سہولیات کے معیار، سٹاف کی حاضری اور مریضوں کو دستیاب علاج معالجے کا جائزہ لینا تھا۔ڈی جی صحت نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور زیرِ علاج مریضوں سے ادویات کی فراہمی اور علاج کے حوالے سے براہِ راست دریافت کیا۔ انہوں نے انجیوگرافی سیکشن، ایکسرے لیبارٹری، ای سی جی، ای ٹی ٹی، ایکوکارڈیوگرافی، آئی سی یو اور سی سی یو سمیت تمام شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حفظہ اشتیاق نے ہسپتال کی کارکردگی، دستیاب مشینری اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر کارڈیالوجسٹ اور دیگر ماہرین بھی موجود تھے۔ڈاکٹر سردار آفتاب حسین نے ہسپتال انتظامیہ کو درج ذیل ہدایات جاری کیں:ڈیمانڈ کی تیاری: ضروری آلات، ادویات اور نئی مشینری کی تفصیلی رپورٹ فوری طور پر ارسال کی جائے۔ موصولہ تجاویز کی بنیاد پر وزیر اعظم، وزیر صحت اور سیکرٹری صحت کو سمری ارسال کی جائے گی تاکہ ہسپتال کو جدید آلات فراہم کیے جا سکیں۔ سٹاف کو ہدایت کی گئی کہ وہ فرائض کی انجام دہی میں باریک بینی سے کام لیں کیونکہ غفلت انسانی جان کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ڈی جی صحت نے اعادہ کیا کہ حکومت آزاد کشمیر انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے اور عوام کا کارڈیک سرجری ہسپتال پر اعتماد بحال رکھنے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔

Related Articles

Back to top button