جہلم ویلی‘ضلع کونسل کا فل کورٹ اجلاس، عوامی مینڈیٹ کے تحفظ پر اتفاق

چناری (تحصیل رپورٹر)ضلع کونسل جہلم ویلی کا فل کورٹ اجلاس، چیئرمین ضلع کونسل طیب منظور کیانی کی صدارت میں ضلع بھر کے ممبران ضلع کونسل، سرکاری محکموں کے افسران، چیئرمین یونین کونسل ہا کی شرکت، بلدیاتی ممبران ضلع کونسل کا بلدیاتی نظام کی بقاء اور بالادستی کے عزم کا اظہار، ضلعی انتظامیہ سمیت تمام انتظامی افسران عوامی نمائندگان کے سامنے جواب دہ ہیں، اور ضلع کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے ضروری ہے کہ سرکاری افسران اور بلدیاتی نمائندگان باہمی تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی کے ساتھ کام کریں، چیئرمین ضلع کونسل طیب منظور کیانی کی قیادت میں عوامی مینڈیٹ کے تحفظ پر مکمل اتفاق، ضلعی مسائل کے حل، انتظامیہ کی جوابدہی اور بلدیاتی اداروں کے فعال کردار کے لیے مشترکہ حکمت عملی طے کر لی گئی، تفصیلات کے مطابق ضلعی ہیڈکوارٹر ہٹیاں بالا میں ضلع کونسل جہلم ویلی کا فل کورٹ اجلاس چیئرمین ضلع کونسل طیب منظور کیانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں ہی ممبران ضلع کونسل نے بلدیاتی نظام کی بقاء، مضبوطی اور تسلسل کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ ممبران نے واضح اعلان کیا کہ چیئرمین ضلع کونسل طیب کیانی کی قیادت میں یونین کونسلز کے چیئرمینز اور سینکڑوں وارڈ کونسلرز پوری قوت کے ساتھ کھڑے ہیں، اور بلدیاتی نظام کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ عوامی مینڈیٹ کا ہر صورت دفاع کیا جائے گا۔اجلاس میں ضلع بھر کے منتخب بلدیاتی نمائندگان، سرکاری محکموں کے افسران، چیئرمین میونسپل کمیٹی اور یونین کونسلز کے چیئرمینز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی نمائندگان کے اختیارات میں رکاوٹیں کھڑی کرنے پر شدید تشویش اور مذمت کی گئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ بلدیاتی نمائندگان ہی عوامی اعتماد اور جمہوری اختیار کے اصل حامل ہیں، اس لیے ضلع کے فیصلوں میں ان کی بالادستی لازمی عنصر ہے۔اجلاس میں ضلع کے مسائل سے متعلق اہم قراردادیں منظور کی گئیں جن میں یونیورسٹی کی مکانیت، محکمہ خوراک کے سٹ اپ کی بحالی، پبلک ہیلتھ اور بلڈنگ کے ایکسئین کی آسامیاں، زلزلہ زدہ تعلیمی اداروں کی تعمیر، جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر، مصنوعی مہنگائی اور مضر صحت اشیاء کے خلاف کارروائیاں شامل ہیں۔ شرکائے اجلاس نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنائے بغیر عوامی خدمت کا ہدف حاصل نہیں کیا جاسکتا، چیئرمین ضلع کونسل جہلم ویلی طیب منظور کیانی کی زیر صدارت اجلاس میں چیئرمین میونسپل کمیٹی سجاول خان، چیف آفیسر شاہد شیخ بھی موجود تھے،چیئرمین ضلع کونسل طیب منظور کیانی نے کہا کہ بلدیاتی ادارے عوام کا مینڈیٹ رکھتے ہیں، اس لیے انتظامیہ کا فرض ہے کہ وہ عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر کام کرے، مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی شفاف نگرانی اور عوامی فلاح کے لیے اپنی کارکردگی واضح کرے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سطح پر اختیارات کی غلط تعبیر یا تجاوز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ادارے اگر اپنے اپنے ڈومین میں رہ کر کام کریں تو ہر طرح سے تعاون اور مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آنے والے دنوں میں فل ہاؤس اجلاس طلب کر کے نہ صرف ضلع کے اہم معاملات پر فیصلے کیے جائیں گے بلکہ پاس شدہ قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے حکمت عملی بھی طے کی جائے گی تاکہ بلدیاتی نظام حقیقی معنوں میں فعال اور عوام دوست ثابت ہو سکے۔




