بچے کے بہتر مستقبل کیلئے ابتدائی نشوونما پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے،عزیز احمد جمالی

گلگت(پ،ر)محکمہ پلاننگ و ڈویلپمنٹ کے پراجیکٹ سکیلنگ اپ نیوٹریشن(سن یونٹ) کی ای سی ڈی پالیسی فریم ورک پر عملدرآمد کیلئے قائم کی گئی سٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈویلپمنٹ عزیز احمد جمالی کی زیر صدارت سرینا ہوٹل گلگت میں منعقد ہوا جبکہ ہوم سیکریٹری گلگت بلتستان اقبال حسین خان نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، محکمہ زراعت، محکمہ اطلاعات، محکمہ بہبود آبادی سمیت نجی اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔محکمہ پلاننگ و ڈویلپمنٹ کے پراجیکٹ سن یونٹ کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر نادر شاہ نے ای سی ڈی پالیسی فریم ورک کے اغراض و مقاصد اور چنیدہ نکات سے شرکاء کو آگاہ کیا اور گلگت بلتستان میں سن یونٹ کی جانب سے گذشتہ سال سے کم عمر بچوں کی ترقی اور نشوونما کیلئے کئے جانیوالے اقدامات سے بھی روشناس کرایا۔ ڈاکٹر نادر شاہ نے

گلگت بلتستان میں کم عمربچوں کی نشوونما میں ناقص غذا سے پیدا ہونیوالے مسائل کا بھی احاطہ کیا اور ملک بھر میں ای سی ڈی پالیسی کے نفاذ کے بعد گلگت بلتستان میں پالیسی کو وسعت دینے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ اجلاس میں محکمہ پلاننگ و ڈویلپمنٹ کے ڈپٹی چیف محمد عالم نے بھی سالانہ ترقیاتی منصوبوں میں کم عمر بچوں کی ترقی اور بہتر نشوونما کیلئے کئے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں تمام لائن ڈپارٹمنٹس اور دیگر نجی اداروں کے نمائندوں نے بھی ای سی ڈی پالیسی کے نفاذ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے گلگت بلتستان میں کم عمر بچوں کی ترقی اور غذائی ضروریات کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پالیسی ترتیب دینے پر زور دیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ اقبال حسین خان نے کہا کہ ای سی ڈی پالیسی کے نفاذ اور کم عمر بچوں کی تعلیم، ترقی اور نشوونما کیلئے محکمہ تعلیم اور دیگر اداروں کو مربوط حکمت عملی مرتب کرنے اور غذائی ضروریات اور ذہنی نشوونما کیلئے پائیدار بنیادوں پر اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈویلپمنٹ عزیز احمد جمالی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سن یونٹ کی کارکردگی کی کارکردگی کو سراہا اور کم عمر بچوں کی ترقی و نشوونما کی پالیسی کے نفاذ کیلئے تمام اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو سفارشات مرتب کرنے اور عملدرآمد کیلئے شراکت داری بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچے قوم کا سرمایہ ہیں اور انکے بہتر مستقبل کیلئے ابتدائی نشوونما اور ذہنی صحت پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔اجلاس کے آخر میں سن یونٹ کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر نادر شاہ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے ای سی ڈی پالیسی پر تجاویز اور سفارشات کو جلد حتمی شکل دینے پر زور دیا۔

مزید خبریں