پی ٹی آئی نے قومی کی 170 سے زائد نشستیں جیت کر دو تہائی اکثریت حاصل کرلی، عمران خان

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت حاصل کرلی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن میں فتح کے بعد اڈیالہ جیل میں قید بانی چیئرمین عمران خان کی مصنوعی ذہانت کی مدد سے بنائی گئی ویڈیو پی ٹی آئی نے بانی چیئرمین کے اکاؤنٹ سے شیئر کی۔ اے آئی کی مدد سے بنائی گئی ویڈیو میں عمران خان نے قوم سے خطاب میں دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی قومی اسمبلی کی 170 سے

زائد نشستیں جیت کر دو تہائی اکثریت حاصل کرچلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’آپ (قوم) نے ہمیں ووٹ دے کر پاکستان میں حقیقی جمہوریت کی بنیاد رکھی ہے۔ میں آپ سب کو 2024 کے انتخابات جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، مجھے پورا یقین تھا کہ آپ سب ووٹ ڈالنے کے لیے باہر آئیں گے۔ بڑے پیمانے پر ٹرن آؤٹ نے سب کو حیران کر دیا اور آپ نے میرا مان رکھا ہے‘۔ عمران خان نے کہا کہ آپ کے ووٹوں کی وجہ سے لندن پلان ناکام ہو گیا ہے۔ نواز شریف نے کم از کم 30 حلقوں میں [این اے میں] پیچھے ہونے کے باوجود فتح کی تقریر کی، پاکستان میں کوئی بھی اس تقریر کو قبول نہیں کرے گا حتیٰ کہ عالمی میڈیا بھی اس کے خلاف لکھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد ذرائع سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہم دھاندلی شروع ہونے سے پہلے 150 حلقوں میں جیت رہے تھے جبکہ فارم 45 کے مطابق پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار قومی اسمبلی کی کُل 265 میں سے 170 نشتیں جیت چکے ہیں اور پی ٹی آئی نے دو تہائی اکثریت سے واضح برتری حاصل کرلی۔

مزید خبریں