میرپور (پی آئی ڈی) برطانوی رکن پارلیمنٹ و شیڈو منسٹر ناز شاہ،اینڈریو گووین نے کہاہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لیے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق اقدامات اٹھائے۔بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی پامالی کررہاہے جس پر شدیدتشویش ہے،برطانیہ نے ہمیشہ تنازعات کے پرامن حل کے لیے کوششیں کی ہیں، خطہ آزادکشمیر وسائل سے مالا مال ہے۔مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے اس علاقے سے ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہوگا۔ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے مسٹ یونیورسٹی کے زیر اہتمام کشمیر ایشیو پر منعقدہ سیمینار سے بطور مہمانان گرامی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے وائس چانسلر مسٹ پروفیسر ڈاکٹر یونس جاوید ستارہ امتیاز،برطانوی پارلیمنٹ کے شیڈومنسٹرزاینڈریوگووین،نازشاہ،چیئرمین تحریک حق خودارادیت جموں و کشمیرانٹرنیشنل راجہ نجابت حسین کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں مظلوم کشمیریوں پر ظلم بند کرئے بھارت کی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہورہی ہے اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کروائے۔بھارت نے کینڈا میں سکھ راہنما کا قتل کیا جس کی مذمت کرتے ہیں۔را
ہ نجابت حسین نے مسٹ یونیورسٹی کے طلبا سے کہاکہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے تحریک آزادی کشمیر کے لیے کام کریں۔طلبا پڑھے لکھے لوگ ہوتے ہیں اور وہ آزادی کشمیر کے لیے اپنا اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔برطانوی ممبر پارلیمنٹ شیڈو منسٹر ناز شاہ کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے خدمات لائق تحسین ہیں۔راجہ نجابت حسین نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے ملاقات میں یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے ان کی تنظیم سے بھرپور تعاون کریں گے۔تحریک آزادی کشمیر کے لیے وہ بطور وزیر اعظم حاضر ہیں۔ برطانوی ممبر پارلیمنٹ شیڈو منسٹر اینڈریو گووین نے کہا کہ میں راجہ نجابت حسین سے زیادہ کشمیری ہوں مجھے یونیورسٹی کے اساتذہ و طلبا سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے۔میرپور تاریخی شہر ہے کشمیر کے لیے میرا خاص رشتہ ہے کشمیری عوام کے ساتھ محبت ہے۔مقبوضہ کشمیر کا تنازعہ پرامن انداز میں حل کرنے کی ضرورت ہے۔انسانی حقوق کی پامالی کسی صورت برداشت نہیں۔برطانیہ کو کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور عدم استحکام پر شدید تشویش ہے۔دنیا میں کسی بھی جگہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی تو اس کے سدباب کے لیے برطانیہ وہاں ضرور اپنا کردار ادا کرے گا۔برطانیہ میں سب کے لیے یکساں مواقع ہیں۔انصاف کی بالادستی ہے۔بطور ممبر برطانوی پارلیمنٹ میں تحریک آزادی کشمیر میں کردار ادا کروں گا۔ایل او سی پر رہائشیوں کو شدید مشکلات ہیں ان کے بنیادی حقوق متاثر نہیں ہونے چاہیے۔کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینا چاہیے۔ شیڈو منسٹر ممبر برطانوی پارلیمنٹ ناز شاہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے میں کشمیر کی بیٹی ہونے کے ناطے اپنا کردار ادا کررہی ہوں اور برطانوی ایوانوں میں مظلوم اور محکوم کشمیریوں پر ڈھانے جانے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھا رہی ہوں۔ بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی عصمت دری کی جارہی ہے اور نہتے شہریوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں کشمیریوں کی آواز کو طاقت کے بل بوتے پر دبایا جارہا ہے۔آزادی کی تحریکیں طاقت کے بل بوتے پر نہیں روکتی۔یونیورسٹی کے طلبا تھینک ٹینک بنائیں۔بھارت کے ظلم کو عالمی برادری کے سامنے لائیں۔تلوار میں وہ طاقت نہیں جو قلم میں ہے۔یہ مسئلہ کشمیر ڈپلومیسی کے ذریعے حل ہوگا۔بھارت میں بڑی تجارتی منڈی ہے جس کے باعث عالمی سطع پر ممالک بھارت پر اتنا دباؤ نہیں ڈالتے جس کی وجہ سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا۔