آڈیٹر جنرل پاکستان مقبول احمد گوندل نے بطور آڈیٹر جنرلGBحلف اٹھا لیا
چیف جج چیف کورٹ علی بیگ، چیف الیکشن کمشنر، چیف سیکرٹری،IGP اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی

گلگت (پریس ریلیز)آڈیٹر جنرل پاکستان مقبول احمد گوندل نے بطور آڈیٹر جنرل گلگت بلتستان حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان جسٹس سردار محمد شمیم خان نے ایک پروقار تقریب میں ان سے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان میں منعقد ہوئی جس میں چیف جج چیف کورٹ علی بیگ، چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا، انسپکٹر جنرل پولیس افضل محمود بٹ، جوائنٹ سیکرٹری گلگت بلتستان کونسل سدھیر احمد خٹک، سیکرٹری محکمہ اطلاعات دلدار احمد ملک، سپریم اپیلٹ کورٹ کے رجسٹرار، ججز، عملہ اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کی نظامت رجسٹرار سپریم اپیلٹ کورٹ عاقل حسن چوہان نے کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ حلف برداری کے بعد معزز مہمانوں نے نئے آڈیٹر جنرل کو مبارکباد پیش کی اور ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی کامیاب انجام دہی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ نئے آڈیٹر جنرل مالی نظم و ضبط، شفافیت اور احتساب کے عمل کو مزید مستحکم کریں گے۔واضح رہے کہ مقبول احمد گوندل فی الوقت آڈیٹر جنرل پاکستان کے عہدے پر بھی براجمان ہیں۔حلف اٹھانے کے بعد آڈیٹر جنرل گلگت بلتستان نے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور فورس کمانڈر گلگت بلتستان سے ملاقاتیں کیں۔اپنے دورہ? گلگت کے موقع پر آڈیٹر جنرل پاکستان نے آڈیٹر جنرل آفس گلگت بلتستان میں نصب جدید سولرائزیشن سسٹم کا افتتاح کیا اور محکمے کی جانب سے منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کیا۔اس موقع پر اکاؤنٹنٹ جنرل گلگت بلتستان محمد لقمان نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان مقبول احمد گوندل کی آمد پر خوش آمدید کہا اور ادارے کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر جنرل آڈٹ ساجد محمود راجہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے اپنے خطاب میں آڈیٹر جنرل آفس گلگت بلتستان کی ڈیجیٹلائزیشن، ڈیجیٹل پے منٹس، آن لائن ٹوکن سسٹم، جی پی فنڈز کی اپ ڈیٹس، آل پینشنرز آئی بینک، آئی ٹی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور ای آفس پراجیکٹس کی زبردست تعریف کی اور تمام عملے کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی۔تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والے ملازمین میں اعزازی سرٹیفکیٹس اور شیلڈز تقسیم کی گئیں اور آڈیٹر جنرل پاکستان نے تمام افسران و عملے کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوائی۔




