نیلم‘ فوڈ اتھارٹی کاغیرمعیاری اشیائے خوردونوش کیخلاف کریک ڈاؤن

نیلم(بیورو رپورٹ)ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر / فوڈ سیفٹی آفیسر سید شجاعت حسین نقوی کی نگرانی میں فوڈ اتھارٹی کاغیرمعیاری اشیائے خوردونوش کیخلاف کریک ڈاؤن،صفائی ستھرائی کی جانچ پڑتال کی گئی۔زائدالمعیاد اورغیرمعیاری اشیاء کی فروختگی اور عدم صفائی ستھرائی پر جرمانے اور بعض کووارننگ دی گئی۔گزشتہ سے پیوستہ روزڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ سیفٹیآفیسران خواجہ ممتاز،سید امتیاز شائق،ماجد شاہ نے معاون عملہ کے ہمراہ سب ڈویژن شاردہ اورگردونواح کے بازاروں میں مضرصحت،زائدالمیعاداد اشیاء اور عدم صفائی ستھرائی کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دکانیں، ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز، بیکرز کامعائنہ کیا۔ مضرصحت، زائدالمیعاد اشیاء ضبط کرنے کے بعد تلف کردیں گئیں جبکہ غفلت کے مرتکب دکانداروں کو 20ہزار سے زائد رقمی جرمانے کیئے گئے اور بعض کووارننگ بھی دی گئی۔رجسٹرڈ کمپنیوں کی اشیاء خوردونوش کی فراہمی پرزور دیاگیا۔اس موقع پرپکوڑے اور سموسے، مچھلی فرائی سمیت فاسٹ فوڈ کیلئے استعمال ہونیوالے آئل کو بھی مشینری کے ذریعے چیک کیاگیا۔ رجسٹرڈ کمپنیوں کی پراڈکٹ کی فروختگی کویقینی بنانے پر زور دیاگیاہے۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایکسپائری تاریخ دیکھ کر اشیاء کی خریداری ممکن بنائی جائے شہری حفظان صحت کیلئے صرف رجسٹرڈ اشیاء ہی خریدیں تاکہ آنیوالی نسل بیماریوں سے محفوظ رہے۔


