اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سابق سیاستدان عثمان ڈار نے ووٹ چوری ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جعلی فارم 45 بنایا، یہ لوگ ہمارے دستخط، انگوٹھے کہاں سے لائیں گے۔ ریحانہ ڈار اور ان کے بیٹے عثمان ڈار نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کی۔ ادھر عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وہ لاہور ہائی کورٹ میں درخواست کرنے آئے ہیں کہ ان کا نوٹیفکیشن روکا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ آصف 3 الیکشن ہار چکے ہیں، اس بار بھی خواجہ ا
صف 354 پولنگ اسٹیشنز سے ہارے ہیں، ہمارے پاس تمام فارم 45 ہیں، خواجہ آصف اور ان کی ٹیم نے آج تک ایک بھی فارم 45 پبلک نہیں کیا۔ ہم نے اپنے تمام فارم 45سب کو پیش کیے ہیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ میری والدہ ان کے خلاف درخواست دائر کرنے جارہی ہیں، میری والدہ 50 ہزار ووٹوں سے جیت رہی تھیں، انہیں شکست ہوئی، میں نے سیاست چھوڑ دی ہے لیکن میں اپنی والدہ کو نہیں چھوڑ سکتا۔ عثمان ڈار نے کہا کہ نواز شریف کو پتہ چل گیا کہ وہ ہار چکے ہیں، غیر شادی شدہ خاتون کو انتخابی مہم چلانے کی بھی اجازت نہیں دی گئی، سیالکوٹ کے ووٹرز کی توہین کی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق نے اپنی شکست تسلیم کرلی، سیالکوٹ کے ووٹرز کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا، امید ہے الیکشن کمیشن انصاف کرے گا۔ دوسری جانب ریحانہ ڈار نے کہا کہ مجھے آر او آفس جانے نہیں دیا گیا اور دھکے دیے گئے، میں الیکشن جیت چکی ہوں، سیالکوٹ خواجہ آصف کو نہیں مانتا، ڈکا نہیں ہونے دوں گا، سچ کی جیت ہوگی۔
Copyright © 2022. Daily Mahasib All rights reserved | Contact Us | About Us