گلگت(پ،ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ہیلتھ ریفارمز کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں 30 بیڈ ہسپتالوں کو مکمل فعال بنانے کیلئے محکمہ صحت، محکمہ تعمیرات، محکمہ خزانہ سمیت متعلقہ محکموں پر مشتمل کمیٹی آئندہ ایک مہینے میں اپنی سفارشات تیارکرے۔ استور عیدگاہ ہسپتال میں ڈاکٹر سرجن کی تعیناتی کے باوجود مکمل غیر فعال ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ غیر حاضر سٹاف کیخلاف محکمانہ
ارروائی کرے اور عیدگاہ ہسپتال کو مکمل طو رپر فعال بنائیں۔ بعض ہسپتالوں میں ضروری مشینری کی فراہمی کے باوجود عدم دستیابی کی شکایت موصول ہورہی ہیں، سیکریٹری صحت اس حوالے سے انکوائری مکمل کرکے متعلقہ فورم میں پیش کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کارڈک ہسپتال سمیت تمام ہسپتالوں میں معیاری مشینری کی خریداری کیلئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور سیکریٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ سکردو 250 بیڈ ہسپتال کو مقررہ مدت میں فعال بنانے کیلئے اقدامات کریں۔ پی ایچ کیو ہسپتال کی تعمیر ماسٹر پلان کے مطابق کریں اور ٹائم لائن کو یقینی بنائیں۔ ڈاکٹروں کی ہارڈ ایریاز ٹرانسفر پالیسی کو تیار کرکے کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کریں۔ صحت کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے بھرپور وسائل فراہم کئے ہیں۔ محکمے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ سیکریٹری صحت غیر حاضر سٹاف کیخلاف محکمانہ کارروائی کریں اور سٹاف کی حاضری کو یقینی بنائیں۔
Copyright © 2022. Daily Mahasib All rights reserved | Contact Us | About Us