نسل نو کی فکری آبیاری کرنیوالے عہد ساز ناول نگارنسیم حجازی کی29ویں برسی پرتقریبات(‘خدمات پر خراج عقیدت)

مظفرآباد (سپیشل رپورٹر)کمشنر مظفرآباد ڈویژن بدر منیر اور صدر سنٹرل پریس کلب سہیل مغل نے کہا ہے کہ نسیم حجازی ہمہ جہت شخصیت کے مالک اور نئی نسل کو پاکستانیت کا شعور دینی والی شخصیت تھے۔جنہوں نے اپنی تحریروں،ناول اور ڈراموں کے ذریعے مختلف ثقافتوں کو یکجا کر کے پاکستانیت کے جذبے کو اجاگر کیا اور قوم کی فکری رہنمائی کی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پریس کلب کے زیر اہتمام ملک کے نامور صحافی وناول نگار نسیم حجازی مرحوم کی انتیسویں برسی کے سلسلہ میں منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس سے ڈائریکٹر جنرل کشمیر کلچرل اکیڈمی ڈاکٹر راجہ سجاد خان،سابق صدور پریس کلب سید آفاق حسین شاہ،سید عارف بہار،طارق نقاش اور شہزاد لولابی نے اظہار خیال کیا جبکہ تلاوت کلام پاک کی سعادت سابق سیکرٹری جنرل پریس کلب بشارت مغل نے حاصل کی۔مقررین نے کہا کہ نسیم حجازی ملک کے بڑے لکھاری اور قومی سوچ کو پروان چڑھانے والی شخصیت تھے جنہوں نے اپنی تحریروں کے ذریعے نئی نسل کی بہتر سمت متعین کرنے کے ساتھ ساتھ قومی سوچ واتفاق رائے کو پروان چڑھانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ان کی کتب کی وجہ سے نئی نسل نے کتاب بینی کو مشغلہ بنایا اور بہت کچھ سیکھنے کی کوشش کی۔ان کی تحریروں سے نئی نسل کو تاریخ سے بھی آگاہی حاصل ہو ئی۔مقررین نے کہا کہ نسیم حجازی پاکستان کا ایک بڑا نام تھا اور نام ہے،ایسی شخصیات کے نام ان کے جانے کے بعد بھی ہمیشہ زندہ رہتے ہیں جن کا کردار اور کام نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔صدر سنٹرل پریس کلب سہیل مغل نے کہا کہ پریس کلب علمی ادبی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ملکی اور ریاستی شخصیات کی کاوشوں کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے گا۔جلدپریس کلب میں ایک لائبریری کا قیام بھی عمل میں لایا جا ئے گا تاکہ نوجوان صحافیوں کو کتاب بینی کی طرف راغب کیا جا سکے جبکہ پریس کلب میں قومی سطح کی تقریبات شروع کی جائیں گی۔شعراء اور علمی ادبی شخصیات کی صلاحتیوں اور معلومات سے استفتادہ کیا جا ئے گا۔سید آفاق حسین شاہ نے کہا کہ نسیم حجازی مرحوم بڑی شخصیت تھے۔سید عارف بہار نے کہا کہ نسیم حجازی ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے،طارق نقاش نے کہا کہ نسیم حجازی کی لکھی کتابوں اور تحریریوں سے نئی نسل کو رہنما ئی حاصل کرنی چاہیے۔تقریب کے اختتام پر نسیم حجازی کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔




