ن لیگ سیاسی کمیٹی کا اجلاس، ایکشن کمیٹی سے معاہدے کا جائزہ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل پروفیسر احسن اقبال کے دفتر میں پاکستان مسلم لیگ ن آزادجموں کشمیر کی وزیراعظم پاکستان کی جانب سے بنائی گئی سیاسی کمیٹی کا ایک اھم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان کے مشیر سیاسی امور رانا ثنااللہ بھی شریک ہوئے جبکہ وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے جنیوا سے ویڈیو لنک پر شرکت کی۔ آزاد جموں کشمیر سے پارٹی کے صدر جناب شاہ غلام قادر، جناب مشتاق منہاس، جناب چوھدری طارق فاروق، جناب ڈاکٹر نجیب نقی اور بیرسٹر افتخار گیلانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں آزاد جموں کشمیر کی موجودہ آئینی، انتظامی اور سیاسی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم پاکستان جناب محمد شہباز شریف کی جانب سے بنائی گئی وفاقی وزرا اور آزاد حکومت کے وزرا کی جانب سے جائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ کیے گئے کامیاب مزاکرات اور معاہدہ کے بارے میں مرکزی وزرا نے پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر کی قیادت کو اعتماد میں لیا اور اس معاہدہ پر عمل درآمد کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اجلاس نے وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بروقت وفاقی وزرا کی کمیٹی کے ذریعے مزاکرات کا عمل شروع کروا کے اور عوامی مطالبات کو پزیرائی دیکر جہاں آزاد جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کے سیاسی اور انتظامی تعلق کو مضبوط کیا وہاں پاکستان دشمن عناصر کو واضع پیغام دیا کہ جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کے نظریاتی اور سیاسی تعلق کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں کے پاکستان کے ساتھ تعلق کو دنیا کی کوئی طاقت نقصان پہنچانے میں کامیاب نہیں ہوگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم پاکستان کی بیرون ملک دورے سے واپسی پر اب تک کی پیش رفت اور دیگر امور کے بارے میں انہیں آگاہ کیا جائے گا اور مزید ضروری اقدام اٹھائے جائیں گے۔ آزاد جموں کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک کے دوران شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جانی نقصان اور زخمی ہونے پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا گیا اور زخمیوں کے لیے جلد صحتیابی کی دعا کی گئی۔