انوارلحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع،فیصل ممتازراٹھور وزیراعظم نامزد

مظفرآباد(خبرنگارخصوصی)آزادکشمیر میں حکومتی تبدیلی کے لئے انتظار کی گھڑیاں ختم، پاکستان پیپلزپارٹی نے اتحادی حکومت کی جگہ پیپلزپارٹی کی حکومت قائم کرنے کیلئے چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے اور متبادل قائد ایوان کیلئے راجہ فیصل ممتاز راٹھور کے نام کی منظوری دیدی ہے، تحریک عدم اعتماد 29ممبران اسمبلی کے دستخطوں سے اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمعہ کے روز بعد از نماز جمعہ جمع سپیشل سیکرٹری اسمبلی کے پاس جمع کروا دی گئی ہے، اسمبلی قواعد انضباط کے تحت جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کیلئے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بلانے کا اختیار سپیکر اسمبلی کے پاس ہے جو تحریک جمع ہونے کے بعد کم از کم3دن اور زیادہ سے زیادہ 7 دن کے اندر اجلاس بلانے کے پابند ہیں، اسمبلی سیکرٹریٹ تحریک عدم اعتماد جمع کروانے کیلئے ممبران اسمبلی سردار جاوید ایوب، ملک ظفر اقبال، قاسم مجید اور رفیق نیئر موجود تھے، جوں ہی اسلام آباد سے نئے قائد ایوان کیلئے فیصل ممتاز راٹھور کا نام منظور ہونے کا اعلان ہوا تو تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی گئی، اس موقع پر میڈیا سے وابستہ لوگ بڑی تعداد میں موجود تھے جب کہ پیپلزپارٹی کے کارکن بڑی تعداد اسمبلی سیکرٹریٹ پہنچے اور جئے بھٹو کے نعرے لگائے، تحریک عدم اعتماد جمع ہوتے ہی آزادکشمیر میں گزشتہ دو ماہ سے جاری سیاسی، انتظامی اور آئینی بحران اختتام کی طرف رواں دواں ہو گیا ہے، نئے قائد ایوان فیصل ممتاز راٹھور آزاد جموں وکشمیر اسمبلی کے حلقہ ایل اے 17 حویلی کہوٹہ سے 2021ء کے الیکشن میں پاکستان پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر کامیا ب ہوئے، فیصل راٹھور اس وقت پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل ہیں، یہ دوسرے وزیراعظم ہیں جنہیں اپنے والد کے بعد وزارت عظمیٰ کے منصب پر پہنچنے کا موقع ملا، فیصل راٹھور 2011ء میں پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہوئے تھے، پاکستان قیادت کے ساتھ قربت اور اپنے والد کے حلقہ اثر کے باعث انہیں جلد ہی پیپلزپارٹی میں نمایاں مقام مل گیا، یہ 2011سے 2016ء تک وزیر برقیات آزاد حکومت رہے جب کہ اپریل 2023 سے تادم تحریر آزاد کشمیر حکومت میں وزیر بلدیات لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، فیصل ممتاز راٹھور دھیمے مزاج کے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہیں، انہیں پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنوں میں مقبولیت اور قبولیت حاصل ہے، آزادکشمیر کے سیاسی حلقے ان کے ساتھ 8 ماہ کے دوراقتدار کیلئے مثبت توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں، فیصل ممتاز راٹھور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کرنے والی کمیٹی کے بھی رکن رہے ہیں، آزادکشمیر کے مسائل اور دیگر مسائل سے بخوبی آگاہ ہونے کی وجہ سے انکا دور وزارت عظمیٰ بہتر نتائج کا حامل ہو گا۔




