وفاق کی جانب سے صوبائی امور میں مداخلت قابل مذمت ہے،وزیر اعلیٰ

لاہور(محاسب نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ملاقات، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور،سیاسی صورتحال، بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف امورپر لیت و لعل سے کام لینے کی مذمت کرتے ہیں، وفاق صوبائی حکومت ہرمعاملے میں مداخلت کررہا ہے۔وفاق کی جانب سے صوبائی امور میں مداخلت ناقابل فہم اورقابل مذمت ہے۔وفاق کا پنجاب اورگلگت بلتستان کے ساتھ رویہ کسی طور بھی مناسب نہیں۔پاکستان چار اکائیوں،آزاد کشمیر او رگلگت بلتستان پر مشتمل وسائل کی دولت سے مالامال ملک

ہے۔ ملک کی تمام اکائیاں مل کر ترقی کریں گی تو پاکستان ترقی کرے گا۔وطن عزیز کوآگے لے جانے کے لئے سب کو اکٹھے چلنا ہوگا۔مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہی پاکستان ا پنی منزل حاصل کرے گا۔ہماری حکومت بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر عمل پیرا ہے۔گلگت بلتستان میں بسنے والے ہمارے بھائی ہیں،ان کی ترقی اور خوشحالی عزیز ہے۔ پنجاب حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔ گلگت بلتستان کے ہیلتھ کیئر سسٹم، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں پہلے سے بڑھ کر تعاون کیا جائیگا۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے مختلف شعبوں میں تعاون پر وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کو گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت دی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے تعاون لائق تحسین ہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات کو سراہتے ہیں۔گلگت بلتستان کے عوام کیلئے تعلیم،صحت اوردیگر سماجی شعبوں میں پنجاب حکومت کے تعاون پر شکرگزار ہیں۔وفاقی حکومت کو اپنے رویے پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔صوبائی مشیر عامر سعید راں،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندراورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید خبریں