مظفر مغل کی بطور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل تعیناتی‘کوٹلہ بھیڑی میں جشن

مظفرآباد (نمائندہ محاسب) معروف قانون دان اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سرگرم رہنما مظفر خان مغل ایڈووکیٹ کی بطور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل آزاد کشمیر تعیناتی پر حلقہ کوٹلہ بالخصوص بھیڑی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں کی جانب سے شاندار جشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پارٹی کارکنان نے مٹھائیاں تقسیم کیں، ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور قیادت کے حق میں نعرے لگائے۔قریب میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ یہ تعیناتی میرٹ، قابلیت اور پارٹی وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شرکاء نے صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین، وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے مظفر خان مغل ایڈووکیٹ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یہ اہم آئینی ذمہ داری سونپی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر ڈسٹرکٹ کونسل بھیڑی محمد ادریس مغل، سنیئر راہنماء پیپلز پارٹی محمد شفیع چغتائی، نائب صدر ڈویژن مظفرآباد رانا گل حسن، عمر خان مغل، عبدالرحمن مغل اور چیئرمین یونین کونسل بھیڑی سردار غلام مرتضیٰ سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ مظفر خان مغل ایک منجھے ہوئے، اصول پسند اور باصلاحیت قانون دان ہیں جنہوں نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ مظفر خان مغل ایڈووکیٹ کی تعیناتی سے نہ صرف حلقہ کوٹلہ بلکہ پورے آزاد کشمیر میں وکلاء برادری اور پیپلز پارٹی کے کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ اہل اور نظریاتی کارکنان کو آگے لاتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج پارٹی دوبارہ عوام کے دلوں میں جگہ بنا رہی ہے۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مظفر خان مغل ایڈووکیٹ بطور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور آئینی تقاضوں کے مطابق ادا کریں گے اور عوامی مفاد کے مقدمات میں ریاست کا بھرپور اور مؤثر موقف پیش کریں گے۔آخر میں مقررین نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی قیادت کی جانب سے کیے گئے یہ فیصلے پارٹی کو مزید مضبوط بنائیں گے اور آنے والے وقت میں پارٹی عوامی طاقت سے ایک بار پھر کامیابی حاصل کرے گی۔ جشن کے اختتام پر مظفر خان مغل ایڈووکیٹ کی کامیابی، پارٹی کی سربلندی اور ملک و خطے کی ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔




