مظفرآباد میں گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن

مظفرآباد(خبر نگار خصوصی) وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فیصل ممتاز راٹھور کی سخت ہدایت کی روشنی میں کمشنر و و ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے ماہِ صیام کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے،گراں فروشی و ذخیرہ اندوزی کے سدباب اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے جامع اور مربوط حکمت عملی نافذ کر دی۔ ضلع بھر کو چھ زونز میں تقسیم کر کے مجسٹریٹس کی سرپرستی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو مارکیٹوں، سستے بازاروں، سبزی و فروٹ منڈیوں، ایل پی جی پوائنٹس، روٹی شاپس اور دیگر مراکز کی روزانہ بنیادوں پر چیکنگ کریں گی۔چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ریٹ لسٹ پر ہر صورت مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، جبکہ تجاوزات کے خاتمے، ماڈل ریڑھی بازار کے قیام اور ٹریفک مینجمنٹ کے لیے بھی خصوصی اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ زون انچارج افسران ایریا وائز روزانہ کی کارکردگی رپورٹ دفتر ہذا ارسال کرنے کے پابند ہوں گے۔زون۔1اسسٹنٹ کمشنر اربن کی سربراہی میں ڈی ایس پی سٹی، ایس ایچ او تھانہ پولیس صدر، بلدیہ، شاہرات، پبلک ہیلتھ، برقیات، تجاوزات اور ٹریفک حکام پر مشتمل ٹیم نلوچھی، پل تا، چہلہ بانڈی، چونگی، سبزی منڈی،ٹاہلی منڈی، حیدری بازار، نیو لاری اڈا، شوکت لائن، وسنٹرز اور گوجرہ میں چیکنگ کرے گی۔زون۔2اسسٹنٹ کمشنر رول کی قیادت میں ٹیم چہلہ چوک، نیلم پیٹرول پمپ تا دومیل، بشمول سنٹر، ولوئر پلیٹ، بینک روڈ، جی پی او، چھتر بینک اسکوائر اور اپر چھتر میں ریٹ لسٹ پر عملدرآمد اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کرے گی۔زون۔3میونسپل مجسٹریٹ کی نگرانی میں نیلم قلعہ، بائی پاس روڈ، اپر پلیٹ، سی ایم ایچ روڈ، اپر اڈا، مٹن مارکیٹ، مدینہ مارکیٹ،اپر بازار، زیرو پوائنٹ تا گڑھی پن چوک تک خصوصی چیکنگ کی جائے گی۔




