موجودہ حالات، تحریک انصاف کے ذمہ داران یکجہتی کا مظاہرہ کریں،خواجہ حذیفہ

مظفرآباد (محاسب نیوز) تحریک انصاف آزادکشمیر کے بانی رہنما انجینئر خواجہ حذیفہ احمد نے تحریک انصاف آزادکشمیر کے تمام ذمہ داران سے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ آمدہ الیکشن کے پیش نظر اپنے تمام تر اختلافات، گروہ بندیوں اور ذاتی مفادات کو پسِ پشت ڈال کر ایک متحد اور نظریاتی صف کے طور پر میدان میں اترا جائے۔ آج تحریک انصاف آزادکشمیر کو پہلے سے زیادہ اتحاد، نظم اور عزم کی ضرورت ہے۔عمران خان نے گزشتہ چند برسوں میں جو قربانیاں دی ہیں، وہ ہماری سیاست میں ایک مثال بن چکی ہیں۔ عمران خان ایک ایسا لیڈر ہے جو اپنی ذات یا اقتدار کے لیے نہیں بلکہ قوم کے شعور، انصاف کے نظام اور حقیقی آزادی کے لیے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہا ہے۔ عمران خان نے ہمیں یہ سبق دیا ہے کہ نظریہ وقتی فائدے سے بڑا ہوتا ہے، اور سچائی کا راستہ کٹھن ضرور ہوتا ہے مگر کامیابی اسی کی ہوتی ہے جو ڈٹا رہے۔آج وہ سب لوگ جو اس مشکل وقت میں عمران خان کا ساتھ چھوڑ گئے، انہیں پاکستان میں ایسے تمام“سیاسی مگرمچھوں ”کا انجام دیکھ لینا چاہیئے جنہوں نے وقتی مفاد کی خاطر اپنے قائد اور نظریے سے غداری کی اور عوام نے انہیں اس غداری کی بھرپور سزا دی۔آزادکشمیر میں بھی جن سیاستدانوں نے نظریہ عمران سے بے وفائی کی ان کا انجام مختلف نہیں ہوگا۔عوام آج بھی عمران خان اور تحریک انصاف کے نظریے کے ساتھ کھڑی ہے، مگر وہ پرانے چہروں، گھسے پٹے وعدوں اور روایتی سیاست سے تنگ آ چکی ہے۔لہٰذا تحریک انصاف آزادکشمیر کو چاہیئے کہ اس بار الیکٹیبلز کی سیاست کو چھوڑ کر ہر حلقے میں میرٹ، خدمت اور نظریے کی بنیاد پر ٹکٹ تقسیم کرے۔ پارٹی کو چاہیئے کہ انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کرے اور یوتھ ونگ و آئی ایس ایف کے نوجوانوں کو ان کے جائز کوٹے کے مطابق نمائندگی دے۔یہی وہ لمحہ ہے جب ہم عمران خان کے ویژن کے مطابق اپنی سیاست کو نظریے کی بنیاد پر استوار کر سکتے ہیں۔اگر نیت سچی ہو، صف متحد ہو، اور قیادت مخلص ہو تو کوئی طاقت تحریک انصاف آزادکشمیر کی کامیابی کو روک نہیں سکتی۔




