اسرائیل نے توسیع پسندانہ عزئم سے دنیا کا امن داؤ پر لگا دیا‘فاروق حیدر

مظفرآباد(خصوصی خبر نگار) سابق وزیراعظم آزادکشمیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ اسرائیل نے توسیع پسندانہ عزئم کے تحت دنیا کا امن داؤ پر لگا دیا ہے، اسرائیل ایران جنگ کے دوران دنیا کو مودی، نیتن یاہو گٹھ جوڑ کا علم ہو گیا ہے، ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد یہ بات پوری طرح عیاں ہو گئی ہے کہ کسی بھی ملک کا دفاع مضبوط ہونا کیوں ضروری ہے، اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے،وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اورفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کو وقار پوری دنیا میں بلند کیا ہے، ایران کے بعد پاکستان کی باری کا رونا روہنے والے یہ یاد رکھیں کہ پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، ملکی دفاع کے حوالے سے قیادت نے واضح کر دیا ہے کہ ہمارے لیے وہ دنیا قابل قبول ہی نہیں جس کے نقشے پر پاکستان نہ ہو، میڈیا سے گفت گو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ایران،اسرائیل جنگ کے دوران بھارت نے ایک مرتبہ پھر چانکیاسیاست کا مظاہرہ کیا ہے، مودی نے نہ صرف ایران بلکہ عرب ممالک کو بھی دھوکہ دیا ہے، عرب نیا کو مستقبل کا ادراک کر کے اپنی پالیسیاں از سر نو ترتیب دینا ہوں گی اور دفاع پر توجہ دینا پڑے گی، راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مزید کہا کہ خوشحالی کیلئے معاشی ترقی ضروری ہے لیکن معاشی ترقی کا استحکام صرف اسی صورت ہی ممکن ہو سکتا ہے جب آپ کا دفاع مضبوط ہو گا، محض ترقی سے موجودہ دنیا میں رہنا ممکن نہیں، ان ترقی یافتہ ممالک کیلئے شدید مسائل ہیں جو اپنے دفاع کے لئے دوسروں کے مرہون منت ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان معاشی قوت نہیں ہے،لیکن مملکت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور دنیا میں کسی کے اندر اتنی جرات نہیں کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ سکے اور اب ان شاء اللہ پاکستان کا مضبوط دفاع ہی مملکت خداداد پاکستان کی معاشی اور اقتصادی ترقی کا موقف بنے گااور یہ معاشی ترقی مضبوط بنیادوں پر ہو گی، ایک دوسرے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت فروہی اور دھوکے باز ملک ہے، بھارت کی سیاست ہی دھوکہ دہی پر مبنی ہے، چانکیہ سیاست پر کھڑی بھارتی جمہوریت نے ہمیشہ دھوکہ دہی سے کام لیا ہے، بھارت نے موجودہ جنگی صورتحال میں حسب روایت اپنے منافقانہ طرز عمل کا مظاہرہ کیا ہے۔



