
دربند(نمائندہ خصوصی) سابق ایم این اے کیپٹن (ر) محمد صفدر نے دربند کے حاجی طارق امین کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر حاجی اعجاز جمالی، شیر محمد اور زاہد خان نے دربند کے عوامی مسائل تفصیل سے پیش کیے۔اعجاز جمالی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”آج دربند کی معیشت بالکل زیرو ہو چکی ہے۔ اگر ہمارے ساتھ لنگ روڈ لگ جائے تو نہ صرف عوام کو سہولت میسر آئے گی بلکہ دربند کی معیشت بھی بہتر ہوگی۔کیپٹن صفدر نے خطاب میں کہا کہ یہ ہماری عوام کی بدقسمتی ہے کہ انہوں نے میاں نواز شریف کو ووٹ نہ دے کر ایک بہت بڑا ظلم کیا۔ اگر ہم اس حلقے سے کامیاب ہوتے تو آج عوام سہولتوں اور ترقی سے محروم نہ ہوتے اور ہم مرحومیہ کا رونا نہ روتے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست ہمیشہ عوامی خدمت پر مبنی ہے اور آئندہ بھی علاقے کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔