گلگت بلتستان

مولانا قاضی نثار پرحملے میں ملوث عناصر کو عبرتناک سزادی جائے، اسماعیلی ریجنل کونسل گلگت

گلگت (پ،ر)شعیہ امامی اسماعیلی ریجنل کونسل گلگت اور ریجنل پبلک افیئرز اینڈ ریلیشنز کمیٹی کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں مرکزی خطیبِ اہلسنت والجماعت گلگت بلتستان، کوہستان و چترال قاضی نثار احمد پر ہونے والے فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں شرکاء نے اس افسوسناک واقعے کو خطے کے پُرامن ماحول کو سبوتاژ کرنے اور بدامنی پھیلانے کی منظم سازش قرار دیا۔اجلاس میں حکومتِ وقت اور ریاستی اداروں سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ حملے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق عبرتناک سزا دی جائے تاکہ خطے میں پائیدار امن برقرار رہ سکے۔شرکاء نے کہا کہ قاضی نثار احمد کی خدمات ہمیشہ سے امن، ہم آہنگی اور بین المسالک بھائی چارے کے فروغ کے لیے قابلِ تحسین رہی ہیں۔ ان کی قیادت میں مختلف مکاتبِ فکر کے درمیان بردباری، رواداری اور احترامِ انسانیت کا پیغام عام ہوا۔مزید کہا گیا کہ ان کے قافلے پر فائرنگ کیباوجود قاضی نثار احمد نے اپنے پیروکاروں اور نوجوانوں کو صبر و تحمل اور امن کی تلقین کی، جو ان کے عزم، حوصلے اور عوام سے محبت کا واضح ثبوت ہے۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے ان کی صحتیابی اور خطے کے پائیدار امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

Related Articles

Back to top button