مظفرآباد

8 اکتوبر کا دن تاریخ کا ایک دل دہلا دینے والا ناقابل فراموش دن ہے،لطیف اکبر

مظفرآباد(محاسب نیوز)سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے قومی سانحہ زلزلہ 8 اکتوبر 2005 ء کے حوالے سے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ 8 اکتوبر کا دن آزاد جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک دل دہلا دینے والا ناقابل فراموش دن ہے۔ اس دن آنے والے ہولناک زلزلے نے لمحوں میں ہزاروں قیمتی جانیں ہم سے جدا کر دیں، لاکھوں افراد کو زخمی و بے گھر کر دیا اور انفراسٹرکچر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ کہ ان تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کامل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جو آج بھی اس سانحے کی تلخ و دلخراش یادوں کے ساتھ جی رہے ہیں۔ہم اس عظیم و کڑی آزمائش کے دوران پوری پاکستانی قوم، مسلح افواج، فلاحی تنظیموں، بین الاقوامی اداروں اور ان بہادر رضاکاروں کے دل کی عمیق گہرائیوں سے مشکور ہیں جنہوں نے دن رات ایک کر کے اور اپنی جانوں کو خطرات میں ڈالتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں طبی، امدادی و بحالی کا عدیم المثال کام سرانجام دیا۔یہ سانحہ ہمیں باور کراتا ہے کہ سماوی آفات کا مقابلہ جذبے، نظم و ضبط اور پیشگی تیاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ہم مستقبل میں کسی بھی قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے اپنے اداروں کی استعداد کو مزید مضبوط بنانے کی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عوامی آگاہی، محفوظ تعمیرات اور ہنگامی ردعمل کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے ہی ناگہانی آفات سے نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے شہداء زلزلہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ رب العزت ہمیں ہر قسم کی آفات و مصیبتوں سے محفوظ اور شہداء کے درجات بلند فرمائے۔

Related Articles

Back to top button