مظفرآباد

حریت رہنمایاسین ملک سخت علیل‘ تہاڑ جیل سے ہسپتال منتقل کردیا گیا

اسلام آباد(صباح نیوز)جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، جو کہ گذشتہ چھ سال سے زیادہ عرصے سے بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل، نئی دہلی میں سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے مقدمات کے تحت نظر بند ہیں۔لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان اور یاسین ملک کے خصوصی نمائندے محمد رفیق ڈار کے مطابق یاسین ملک کے دل میں 1990 میں نصب کیا گیا میٹلک ہارٹ والو (metallic heart valve) اب تبدیل کیے جانے کا شدید متقاضی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جیل کی قید تنہائی اور مناسب طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث یاسین ملک کی صحت اس حد تک بگڑ چکی ہے کہ اب یہ بیماری ان کی جان کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ یاسین ملک کے دل کے والو کے حالیہ غیر تسلی بخش ٹیسٹ رپورٹس نے جیل میں ان کی صحت کی نازک حالت کی تصدیق کر دی ہے۔محمد رفیق ڈار نے بتایا کہ یاسین ملک گذشتہ کئی سالوں سے تہاڑ جیل میں قید تنہائی کے دوران اپنی بیماری کی شکایت کرتے رہے ہیں، جس کے لیے انہوں نے گذشتہ سال دہلی کی عدالتوں کی طرف بھی رجوع کیا تھا تاکہ انہیں مناسب طبی علاج مہیا کیا جا سکے۔ تاہم، انہوں نے بتایا کہ عدالتی احکامات کے باوجود، مودی حکومت کی ہدایات پر جیل انتظامیہ نے انہیں ہسپتال میں داخل نہیں کیا۔مزید برآں، رفیق ڈار نے بتایا کہ صرف دو دن قبل جب یاسین ملک کو شدید دل کی تکلیف ہوئی تو جیل انتظامیہ نے انہیں جیل ہسپتال میں داخل کیا جو اس نوعیت کی بڑی سرجری اور دیگر مناسب سہولیات سے محروم ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یاسین ملک کو فوری طور پر دل کے والو کی تبدیلی کے لیے سرجری کی ضرورت ہے، بصورت دیگر وہ مسلسل خطرے میں ہیں۔ترجمان نے بھارت کی حکومت کو خبردار کیا کہ اگر جموں کشمیر کے اس مقبول ترین حریت پسند سیاسی رہنما کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کے ذمہ دار بھارتی حکومت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قیدی کو مناسب طبی سہولیات دینا اس کا بنیادی حق ہے، اور بھارت کا یہ رویہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔دریں اثنا، پارٹی کے مرکزی ترجمان نے جموں کشمیر کے عوام، بالخصوص پارٹی کارکنان کو یاسین ملک کی موجودہ صحت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غیر مصدقہ خبروں اور پارٹی کے خلاف کیے جانے والے جھوٹے پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں۔

Related Articles

Back to top button