ڈینگی کے وار جاری، مظفرآباد ڈویژن میں کیسز دو ہزار سے تجاوز

مظفرآباد (جہانگیر حسین اعوان) آزاد کشمیر میں ڈینگی کے وار تیزی سے بڑھنے لگے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں ڈینگی کے کیسز کی تعداد 2,060 سے تجاوز کر گئی ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی شامل ہیں۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر فاروق اعوان کے مطابق مظفرآباد اور دیگر اضلاع کے اسپتالوں میں بخار، جسم درد اور پلیٹ لیٹس میں کمی جیسے علامات والے مریضوں کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے۔ اسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈز کو ڈینگی مریضوں کے لیے مخصوص کیا جا رہا ہے جبکہ ڈینگی سرویلنس ٹیمیں گلی، محلوں اور دیہی علاقوں میں پانی کے ٹھہراؤ، پرانے ٹائروں اور کھلے ڈرموں کی نشاندہی کر رہی ہیں۔محکمہ صحت نے ڈینگی کنٹرول کے لیے ریجنل آپریشن روم قائم کر دیا ہے تاکہ تمام اضلاع کی رپورٹس کو یکجا کر کے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ بلدیاتی اداروں کے تعاون سے صفائی مہم شروع ہے، نالیوں کی صفائی، کچرے کے ڈھیر ہٹانے اور فومیگیشن کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔فوکل پرسن ڈینگی کنٹرول پروگرام غلام فرید نواز نے بتایا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے اسپرے ٹیمیں روزانہ صبح و شام متاثرہ علاقوں میں کام کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق عوامی تعاون کے بغیر ڈینگی کے پھیلاؤ کو مکمل طور پر روکنا ممکن نہیں۔سپرے ٹیموں کے انچارج سید لیاقت نقوی نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ہر تحصیل اور یونین کونسل میں اسپرے شیڈول ترتیب دیا جا چکا ہے، تاہم دشوار گزار علاقوں تک رسائی میں مشکلات درپیش ہیں جنہیں جلد حل کر لیا جائے گا۔ڈاکٹر فاروق اعوان نے عوام کو ہدایت کی کہ گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، ٹینکیاں ڈھانپ کر رکھیں، پرانے برتن، ٹائر یا گملے خالی کریں، مچھر دانی کا استعمال کریں اور صبح و شام مکمل بازو والے کپڑے پہنیں۔ اگر بخار یا جسم میں شدید درد محسوس ہو تو فوراً قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔حکومت آزاد کشمیر نے ڈینگی کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے اگلے تین ہفتوں کو“ڈینگی چوکس کاری مہینہ”قرار دیا ہے۔ تمام اضلاع میں ڈینگی کنٹرول سیلز فعال کر دیے گئے ہیں، بلدیات اور مقامی انتظامیہ کو صفائی کے انتظامات کی مانیٹرنگ کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے جبکہ آگاہی مہمات بھی جاری ہیں۔دوسری جانب چہلہ بانڈی کے رہائشی خورشید اعوان نے ”محاسب” کو بتایا کہ ان کے علاقے میں ڈینگی کے کیسز بڑھ رہے ہیں لیکن ابھی تک کوئی اسپرے ٹیم وہاں نہیں پہنچی۔ ان کا کہنا تھا کہ ”لوگ اپنی مدد آپ کے تحت مچھر دانیوں اور اسپرے کا انتظام کر رہے ہیں، مگر سرکاری سطح پر کوئی خاص قدم نظر نہیں آ رہا۔”ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اگر حکومت، بلدیاتی ادارے اور عوام ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں تو ڈینگی کی موجودہ لہر پر مؤثر انداز میں قابو پایا جا سکتا ہے۔مظفرآباد۔ممبر کور کمیٹی جوائنٹ ایکشن کمیٹی شوکت نواز میر کو معروف تاجر رہنما شیخ عبد الوحید لازوال کامیابی پر مٹھائی کھلا رہے ہیں