
مظفرآباد (محاسب نیوز)جملہ تنظیمات اہل سنت ازاد کشمیر کے ذمہ داران کا موجودہ ملکی صورتحال کے تناظر میں ایک اہم مشاورتی ہنگامی اجلاس جامعہ نظامیہ رحمانیہ مظفراباد میں منعقد ہوا۔ جس میں پاکستان سنی تحریک آزاد کشمیر، انجمن طلباء اسلام آزاد کشمیر، تحریک تحفظ ناموس رسالت آزاد کشمیر، جماعت اہل سنت آزادجموں و کشمیر، جمعیت علما ء و جموں و کشمیر، مرکزی سیرت کمیٹی آزاد کشمیر، تحریک حق چار یار آزاد کشمیر، انجمن محبان مصطفی آزاد کشمیر، انجمن نوجوانان اہلسنت مظفرآباد، الکرم فرینڈز آزاد کشمیر، تنظیم نظامیہ آزاد کشمیر، سواد عظم اہلنست و جماعت آزاد کشمیر،سنی تحریک آزاد کشمیر، تنظیم علماء ضیاء العلوم آزاد کشمیر، اہلسنت رابطہ کونسل آزاد کشمیر، تحریک تحفظ شعائر اسلام آزاد کشمیر، مجلس علماء نظامیہ آزاد کشمیرکے قائدین کے علاوہ مرکزی درباروں کے سجادہ نشین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔اجلاس میں اتفاق رائے سے قرار پایا کہ فلسطین اور غزا کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پنجاب پولیس کا تحریک لبیک کے نہتے اور پرامن جلوس پر وحشیانہ تشدد ہجوم پر سیدھی گولیاں برسانے مرکز تحریک لبیک جامع مسجد رحمت للعالمین لاہور پر بلا اشتعال دھاوا بولنے نہتے اور پرامن لوگوں کو شہید کرنے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنے عورتوں اور بچوں کو گرفتار کر کے انہیں پابند سلاسل کرنے پر شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ ارباب اقتدار و اختیار پر زور دیا کہ وہ محب وطن لوگوں کے خلاف بلاجواز طاقت کا استعمال فل فور روکیں اور مذاکرات کے ذریعے معاملات کو یکسو کریں عالم اسلام کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں اواز بلند کرنا اور ان کے حقوق کے لیے اقدامات اٹھانا نہ صرف مسلمانوں کا ائینی قانونی حق ہے بلکہ یہ اخلاقی فرض بھی ہے۔اس وقت جب کہ ملک بیرونی دشمنوں کی نشانے پر ہے اور دشمن ملک وطن عزیز کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں ایسے حالات میں حکومت کا ملک کے اندر اتفاق رائے پیدا کرنے کے اقدامات اٹھانے کے بجائے نہتے پرامن اور محب وطن لوگوں پر ریاستی جبر و تشدد کر نا ملک کے امن کو اگ لگانے کے مترادف ہے۔ اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو پورے ملک میں لا اینڈ ارڈر کے سنگین حالات پیدا ہونے کا خطرہ ہے جو ناقابل تلافی نقصان کا باعث بنے گا۔اجلاس میں پاکستان میں قیادت کرنے والے علماء و مشائخ اور دانشوران سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ اگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں اور انسانی جانوں کے ضیاع اور ملک کو کسی بڑے انتشار سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ پاکستان میں اہل سنت کی تنظیمات کی مقتدر شخصیات متفقہ طور پر ائندہ کے لیے جو لائحہ عمل ترتیب دیں گی ازاد کشمیر کی جملہ عوام اہل سنت اس پر پوری طرح کاربند رہیں گی۔