مظفرآباد

فاطمہ جناح کالج میں انٹر اسپورٹس گالا،شاندار والی بال چمپئن شپ

مظفرآباد (سپیشل رپورٹر)گورنمنٹ فاطمہ جناح پوسٹ گریجویٹ کالج میں انٹر اسپورٹس گالا کے تحت والی بال چمپئن شپ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں طالبات نے بھرپور دلچسپی اور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ تقریب میں پرنسپل کالج شبنم ہما مفتی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ کالج کی سینئر فیکلٹی، دیگر سٹاف ممبران اور طالبات بھی موجود تھیں۔ میچ سے قبل ایونٹ حصہ لینے والی پلیئرز سے حلف لیا گیا۔ایونٹ میں بی ایس (فاطمہ ہاؤس) اور انٹرمیڈیٹ (عائشہ ہاؤس) کی ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز والی بال میچ کھیلا گیا، جس میں عائشہ ہاؤس نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 0-2 سے کامیابی حاصل کی۔ اختتامی تقریب میں جیتنے والی ٹیم کو چمپئن شپ ٹرافی جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو میڈلز سے نوازا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل شبنم ہما مفتی نے کہا کہ صحت مند سرگرمیاں نہ صرف ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے ضروری ہیں بلکہ یہ طلبہ میں نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک اور خود اعتمادی کو بھی پروان چڑھاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں حصہ لینے والی طالبات ہمیشہ تعلیمی میدان میں بھی بہتر کارکردگی دکھاتی ہیں، کیونکہ کھیل انسان میں محنت، لگن اور مستقل مزاجی پیدا کرتے ہیں۔پرنسپل شبنم ہما مفتی نے مزید کہا کہ اسپورٹس گالا کا مقصد طالبات کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو صرف کلاس روم تک محدود نہ رکھیں بلکہ میدان میں بھی اپنی قابلیت ثابت کریں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کالج آئندہ بھی اس طرح کے مقابلے جاری رکھے گا تاکہ طالبات کو زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آسکیں۔آخر میں انہوں نے بہترین انداز میں ایونٹ کا انعقاد کرنے پر ایسوسی ایٹ پروفیسر رضیہ یوسف اور معاون حاجرہ صاحبہ کو مبارکباد پیش کی اور ان کی محنت کو سراہا۔

Related Articles

Back to top button