گلگت بلتستان

حکومت عوامی مفاد کے تمام فیصلوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھے گی،چیف سیکریٹری

چیف سیکریٹری کی زیر صدارت GB کابینہ کی پری میٹنگ

گلگت(محاسب نیوز)چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا کی زیر صدارت گگت بلتستان کابینہ کی پری میٹنگ منعقد ہوئی،جس میں مختلف محکموں کے اہم انتظامی، مالی اور ترقیاتی معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور آئندہ کابینہ اجلاس کے لیے اہم نکات پر مشاورت کی گئی۔اجلاس میں گلگت بلتستان کے تمام اہم محکموں کے سیکریٹریز، جن میں سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری قانون،سیکریٹری اطلاعات،سیکریٹری تعلیم، سیکریٹری سوشل ویلفیئر، سیکریٹری زراعت، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقیات، سیکریٹری صحت، ایس ایم بی آر، سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، سیکریٹری منرلز ودیگر متعلقہ اعلیٰ حکام شریک تھے۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے اس موقع پر کہا کہ کابینہ اجلاس سے قبل تمام ایجنڈا پوائنٹس کا بین المحکماتی جائزہ انتہائی ضروری ہے تاکہ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق پالیسی امور اور ترقیاتی فیصلوں کو موثر اور مربوط انداز میں کابینہ کے سامنے پیش کیا جاسکے۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی سفارشات کو مکمل تیاری، دستاویزی شفافیت اور قانونی تقاضوں کے مطابق کابینہ اجلاس کے لیے حتمی شکل دیں۔ اجلاس کے دوران مختلف محکموں کے جاری منصوبوں، مالی امور، انتظامی چیلنجز اور عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔اس موقع پر انہوں نے مذید کہا کہ حکومت گلگت بلتستان عوامی مفاد کے تمام فیصلوں کو ترجیحی بنیادوں پر عملی جامہ پہنانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے گی اور کابینہ اجلاس میں پیش کیے جانے والے نکات کے ذریعے بہتر گورننس، شفافیت اور ترقی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

Related Articles

Back to top button