گلگت بلتستان

کے آئی یو غذرکیمپس میں سمسٹر خزاں 2025 میں داخلہ لینے والے طلباء کے لیے تعارفی سیشن کا انعقاد

غذر(پ ر) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی غذر کیمپس میں سمسٹر خزاں 2025ء کے لیے نئے داخلہ لینے والے طلبہ و طالبات کے لیے تعارفی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق یہ سیشن نئے طلبہ کو یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط، سمسٹر رولز، امتحانی نظام، کیمپس کی سہولیات اور مجموعی ماحول سے آگاہ کرنے کے مقصد سے منعقد کیا گیا تھا تاکہ وہ اپنے تعلیمی سفر کا پراعتماد آغاز کر سکیں۔سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیمپس ڈائریکٹر ڈاکٹر شہاب الدین اور دیگر ذمہ داران نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے نئے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں تعلیم، تحقیق اور ذاتی ترقی پر مرکوز کریں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے یقین دلایا کہ طلبہ کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا اور ان کے تعلیمی و پیشہ ورانہ مستقبل کو روشن بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے تمام نئے داخلہ شدہ طلبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سیشن میں سینئر طلبہ بھی شرکت کی اور اپنے قیمتی تجربات شیئر کیے اور نئے طلبہ کو عملی رہنمائی فراہم کی اور کیمپس میں دستیاب تعلیمی وسائل، ہم نصابی سرگرمیوں، کلبز اور مواقع کو اجاگر کیا۔نئے طلبہ نے بھی کھل کر اظہارخیال کیا اور غذر کیمپس کا حصہ بننے پر شدید خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کیمپس ان کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کا بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔یہ سیشن نہ صرف نئے طلبہ کے لیے خیرمقدم ثابت ہوا بلکہ یہ غذر کیمپس کی متحرک اور طلبہ دوست ثقافت کی عکاسی بھی کرتا ہے۔

Related Articles

Back to top button