مظفرآباد

کاروباری مراکز،گنجان آبادی میں لٹکتی تاریں،زنگ آلود کھمبے سنگین خطرہ

مظفرآباد(خبر نگار خصوصی)آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے مصروف ترین کاروباری مراکز اور گنجان آباد علاقوں میں خستہ حال بجلی کی تاریں اور زنگ آلود کھمبے شہریوں کے لیے سنگین خطرہ بن گئے ہیں۔ مدینہ مارکیٹ، اندرونِ شہر، ویسٹرن بائی پاس، اولڈ سیکرٹریٹ، بینک روڈ اور کچہری روڈ سمیت متعدد اہم مقامات پر لٹکتی بجلی کی ننگی تاریں، کمزور پولز اور غیر معیاری کنکشن آئے روز کسی بڑے حادثے کا پیش خیمہ ثابت ہو رہے ہیں۔شہریوں کے مطابق محکمہ برقیات کی غفلت اور عدم توجہی کے باعث گزشتہ چند ہفتوں میں شارٹ سرکٹ سے آتشزدگی اور مالی نقصانات کے متعدد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔دوکانداروں کا کہنا ہے کہ بارش یا ہلکی ہوا چلتے ہی تاروں میں چنگاریاں پھوٹنے لگتی ہیں جس سے خوف و ہراس پھیل جاتا ہے، جبکہ کئی مقامات پر بجلی کے کھمبے زنگ آلود ہو کر جھک چکے ہیں اور کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ رہتا ہے۔عوامی و سماجی حلقوں نے محکمہ برقیات کی مسلسل بیحسی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی جانیں خطرے میں ڈال کر ادارہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ انہوں نے حکومتِ آزاد کشمیر اور محکمہ برقیات کے ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے، خستہ حال بجلی کے نظام کی مرمت، تاروں کی تبدیلی اور کھمبوں کی بحالی کا ہنگامی بنیادوں پر مطالبہ کیا ہے تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر محکمہ برقیات نے بروقت اقدامات نہ کیے تو کسی بڑے واقعے کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

Related Articles

Back to top button