وفاق نے زلزلہ متاثرہ تعلیمی اداروں کیلئے 1ارب فنڈز سے معذرت کرلی
مظفرآباد (رپورٹ: جہانگیر حسین اعوان سے) سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر انوار الحق چوہدری کی وفاقی حکومت کو خصوصی توجہ دلانے کے باعث زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تباہ حال تعلیمی اداروں کی تعمیر کے لیے ایک ارب سے زائد کے فنڈز حکومت پاکستان نے دینے سے معذرت کر لی ہے۔ زلزلہ سے تباہ حال علاقوں میں 69 سے زائد تعلیمی اداروں کی عمارتیں تعمیر کی جانی تھیں جو 20 سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود تعمیر نہ ہو سکیں تھیں ان کیلئے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر انوار الحق چوہدری نے وفاقی حکومت سے فنڈز منظور کرائے تھے لیکن آزاکشمیر میں آمدہ انتخابات کی بھینٹ چڑھا دیے گئے انتہائی باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی اعلیٰ شخصیت نے وزیر امور کشمیر امیر مقام کے ذریعے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے ملاقات کی اور موجودہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو یہ فنڈز نہ دینے کی استدعا کی کہ انتخابات سے قبل یہ فنڈز نہ دیے جائیں جس پر حکومت پاکستان نے باقاعدہ فنڈز نہ دینے کی معذرت کا مکتوب حکومت آزادکشمیر کو تحریر کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر مظفرآباد ڈویژن کے سینئر نائب صدر خورشید حسین کیانی اور نائب صدر خورشید اعوان نے اس معاملہ پر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے وفاقی حکومت سے یہ فنڈز حاصل کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔