حکومتی پالیسیوں سے ہوٹل انڈسٹری، کاروباری طبقہ کو نقصان ہو رہا ہے، راجہ الیاس، افتخار احمد

مظفرآباد (خبرنگار خصوصی)ایکشن کمیٹی ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز اینڈ میرج ہالز ایسوسی ایشن کے چیئرمین، ٹورازم انڈسٹری اور چیمبر آف کامرس مظفرآباد کے صدر راجہ محمد الیاس خان اور ایکشن کمیٹی کے متحرک رہنما افتخار احمد نے کہا ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی گزشتہ طویل عرصے سے نہایت صبر، تحمل اور ذمہ داری کے ساتھ عوامی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے، تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حکومتی سطح پر اس معاملے کو وہ سنجیدگی نہیں دی گئی جس کی ضرورت تھی۔ معاہدوں کے تحت طے شدہ ٹائم فریم کے اندر عوامی مسائل کو یکسو نہیں کیا گیا، جس کے باعث مایوسی اور بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسی صورتحال میں اگر حکومت نے عملی اقدامات نہ کیے تو ایکشن کمیٹی انتہائی اقدام اٹھانے پر مجبور ہو سکتی ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکومتی حلقوں پر عائد ہو گی۔ روزنامہ“محاسب”سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی نے ہمیشہ مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ ہم نے ہر مرحلے پر مذاکرات، افہام و تفہیم اور آئینی و قانونی دائرے میں رہتے ہوئے مسائل کے حل کی کوشش کی، مگر بدقسمتی سے حکومتی وعدے اور یقین دہانیاں عملی صورت اختیار نہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل محض بیانات سے حل نہیں ہوتے بلکہ اس کے لیے ٹھوس پالیسی، واضح ٹائم لائن اور مؤثر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ راجہ محمد الیاس خان نے واضح کیا کہ آئندہ آنے والے انتخابات میں ایکشن کمیٹی رخنہ اندازی کا ارادہ نہیں رکھتی، تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی اپنا ایک واضح پروگرام اور مؤقف رکھتی ہے۔ ہم اس فرسودہ سیاسی نظام کو مزید عوامی حقوق کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت نہیں دیں گے۔




