مظفرآباد

سردارعتیق سے مسلم کانفرنس خواتین ونگ وفد کی ملاقات‘ اہم امور زیر بحث

مظفرآباد(محاسب نیوز)صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان سے مسلم کانفرنس خواتین ونگ کے وفد کی ملاقات، آزادکشمیر کے آمدہ عام انتخابات کے سلسلہ میں انتخابی مہم، مسلم کانفرنس شعبہ خواتین ونگ کی تنظیم سازی سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال، پارٹی رہنماؤں سے گفت گو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم و صدر مسلم کانفرنس سردارعتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس خواتین کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرے گی، اللہ پاک نے موقع دیا تو مسلم کانفرنس آبادی کے تناسب سے ریاستی اسمبلی میں خواتین کی نشستوں میں اضافہ کرے گی، خواتین کو حقوق کی فراہمی مسلم کانفرنس کی اولین ترجیح ہے،مسلم کانفرنس نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے، خواتین قوم کی معمار ہوتی ہیں اور کسی بھی تحریک یا تنظیم کی کامیابی میں ان کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ مسلم کانفرنس نے ہمیشہ خواتین کو سیاسی پلیٹ فارم مہیا کیا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دارالحکومت آباد میں خواتین کے وفد سے گفت گو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سابق وزیر حکومت محترمہ شمیم علی ملک، چیئرپرسن خواتین ونگ محترمہ سمعیہ ساجد چیئرپرسن طالبات ونگ میڈم میمونہ کیانی ایڈووکیٹ سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھیں، سردار عتیق احمد خان نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ مسلم کانفرنس شعبہ خواتین کی تنظیم سازی کو جلد از جلد مکمل کر کے آئندہ عام انتخابات کیلئے مہم کو ترجیح بنیادوں پر شروع کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں، آمدہ عام انتخابات میں خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کو نظریاتی بنیادوں کو مضبوط رکھتے ہوئے عوامی رابطہ مہم کو فروغ دیا جائے۔ پارٹی کی خواتین کارکنان نظریاتی و سیاسی محاذ پر متحرک کردار ادا کر رہی ہیں اور آنے والے دنوں میں خواتین ونگ کو مزید فعال بنا کر ہر یونین کونسل اور وارڈ کی سطح تک منظم کیا جائے گا۔دریں اثناء صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان سے مظفرآباد میں حلقہ چکار سے راجہ وقار احمد خان صدرمسلم کانفرنس ضلع جہلم ویلی، سردار اسدممبر مجلس عاملہ،نذیر احمد قریشی اور اشفاق ڈار ملاقات کی، اور پارٹی کے تنظیمی اُمور سمیت خطہ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، سردار عتیق احمد خان کا کہنا تھا کہ پارٹی عہدیداران و کارکنان آمدہ عام انتخابات کیلئے انتخابی مہم شروع کرنے کیلئے متحرک ہو جائیں، اورمسلم کانفرنسی اُمیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا ہرممکن کردار ادا کریں، ریاستی جماعت عوامی حقوق پر کوئی سودے بازی نہیں کریگی، اور عوام کے حقوق کی جنگ ہر محاذ پر لڑنے کیلئے سرگرم کردار ادا کرے گی۔عہدیداران و کارکنان پارٹی کا سرمایہ ہیں جن کی بدولت ریاستی جماعت ایک بار پھر اقتدار کے ایوانوں میں براجمان ہو گی۔

Related Articles

Back to top button