مظفرآباد

پاکستان‘ کشمیر لازم و ملزوم‘مذہبی، سیاسی، لسانی، ثقافتی بنیادوں پر ایک ہیں‘ حنا انور

مظفرآباد (سپیشل رپورٹر) لوک ورثہ اسلام آباد کی ڈائریکٹر محترمہ حنا انور نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔مذہبی، سیاسی، لسانی، ثقافتی بنیادوں پر ایک ہیں۔ کشمیر کے دریاؤں کا قدرتی رخ پاکستان کی جانب ہے اور کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے پاکستانی کشمیر سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا آج بھی پاکستانی اس قوم پر پورے دم حَم کے ساتھ پیرا دے رے ہیں۔ اسلام آباد میں ہونے والے ہر ثقافتی پروگرام میں کشمیر کو پوری نمائندگی دی جاتی ہے۔ کشمیر میں ثقافت کو پروموٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ کشمیری کلچر دنیا بھر میں مقبول عام ہے۔ کشمیری ایک ذہین فطین قوم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیاسی، سماجی و ثقافتی رہنما ریٹائرڈ سیکشن آفیسر مالیات منیر احمد قریشی اور محترمہ عابدہ قریشی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے ایک کلچر شو میں اظہار کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پریس فاؤنڈیشن کے وائس چیئرمین سردار ذوالفقار، سنٹرل پریس کلب کے سابق صدور سید آفاق حسین، سہیل مغل، ایڈیٹر ہائٹس شاہد راجہ نے بھی شرکت کی اس موقع پر دارالحکومت کے معروف گلوکار و فنکار سید دلاور عباس اور نادر علی نے اپنے ٹیم کے ہمراہ فن کا مظاہرہ کیا جسے سامعین نے بے حد سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار ذوالفقار، سید آفاق حسین، سہیل مغل نے کہا کہ کشمیری اپنی رضا و رغبت کے ساتھ پاکستانی ہیں۔ کشمیر کے خطہ میں پاک فوج لازوال کردار ہے۔ زلزلہ ہو یا سیلاب پاکستان کی حکومتوں اور فوج نے کشمیریوں کی بے پناہ مدد کی۔ ثقافتی طور پر کشمیر کی اپنی ایک ثقافت ہے جو حکومتوں کی عدم دلچسپی کے باعث دم توڑ رہی ہے اس ثقافت کو سہارا دینے کی ضرورت ہے مرکزی حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ دیگر صوبوں کی طرح کشمیری کلچر کو پروموٹ کرنے کیلئے بھی اقدامات کرے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لوک ورثا اسلام آباد کی ڈائریکٹر محترمہ حنا انور نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں فروری میں جو کلچرل شو ہر سال ہوتا ہے اس میں کشمیر کی نمائندگی ہوتی ہے تاہم اس بار ہم یہ سوچ رہے ہیں کہ تین دن کشمیر پر کلچرل شو کیے جائیں۔ کشمیری کلچر کو پروموٹ کرنے کیلئے لوک ورثہ اپنا پورا کردار ادا کرے گا۔ منیر قریشی اور عابدہ قریشی کی جانب سے منعقد کیے گئے کلچرل شو میں بڑی تعداد میں فنکاروں اور دیگر لوگو ں نے شرکت کی تقریب کے اختتام پر کلچرل شو کے میزبان منیر قریشی اور عابدہ قریشی نے بھی اپنے نغمے پیش کیے جسے حاضرین نے خوب داد دی۔ منیر قریشی نے تقریب میں آمد پر لوک ورثہ اسلام آباد کی ڈائریکٹر حنا انور اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

Related Articles

Back to top button