مظفرآباد

ریاست بھر کے معلمین القرآن کا ایلیمنٹری کیڈر اپ گریڈیشن کا مطالبہ

راولاکوٹ (اخلاق احمد خان سے) آزادکشمیر بھر کے جملہ معلمین القرآن نے ایلیمنٹری کیڈر میں اپ گریڈیشن کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر سابق کابینہ کی منظوری اور عدالتی فیصلہ کے مطابق اپ گریڈیشن نہ کئی گئی توآزادکشمیر بھر میں احتجاجی تحریک چلائیں گے جو کہ اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گی، گزشتہ چودہ سالوں سے حکمرانوں نے معلمین القرآن سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا اور طفل تسلیوں او رجھوٹے وعدوں کے سوا کچھ نہیں کیا گیا، اب حکومتی سرد مہری اور وعدہ خلافیوں کے باعث آزادکشمیر میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے اور کسی بھی وقت یہ اشتعال سنگین احتجاج کی صورت اختیار کر سکتا ہے، معلمین القرآن کو گریڈ ایک سے ایلیمنٹری کیڈر میں اپ گریڈ نہ کیا گیا ان حکمرانوں کو اس کا سخت خمیازہ بھگتنا پڑے گا، یہ باتیں معلمین القرآن کے مرکزی صدر قاری امیر افضل خان، سنیئر نائب صدر مفتی عابد عثمانی، ڈویژنل صدر پونچھ سرفراز احمد صدیقی، جنرل سیکرٹری پونچھ قاری شکیل احمد، ضلعی جنرل سیکرٹری باغ مفتی عزیز احمد، سنیئر نائب صدر باغ قاری عتیق حیات، صدر سدھنوتی مفتی عطاء الرحمان نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ میں پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہیں، ان عہدیداران نے کہا کہ سکیل ایک میں تعینات یہ معلمین القرآن چودہ سالوں سے قوم کی اس نسل کی قرآنی تعلیمات سے روشناس کروا رہے ہیں اور قرآن کی عظمت و تقدس کا تقاضا ہے کہ ان معلمین کو عزت و مقام دیا جائے، اس وقت ریاست میں جملہ کیڈر ز کو اپ گریڈ کیا گیا لیکن معلمین القرآن کو نظر انداز کرکے انتہائی زیادتی کی گئی، قرآنی تعلیم کا تعلق کسی خاص مسلک کے مولوی یا قاری سے نہیں بلکہ مذہبی غیرت سے ہے، وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور، وزیر مذہبی امور رفیق نیئر، چیف سیکرٹری اور دیگر متعلقہ ذمہ داران فوری طور پر اس زیادتی اور ناانصافی کا نوٹس لیتے ہوئے معلمین القرآن کے جائزمطالبہ کو حل کریں اور انصاف کے تقاضے پورے کریں، گزشتہ چودہ سالوں سے معمولی سی تنخواہ پر یہ معلمین اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور جو ریٹائر ہوئے ہیں انہیں معمولی سی کمیوٹیشن اور پنشن دی گئی، اس وقت بھی سینکڑوں معلمین ریٹائرمنٹ کے قریب ہیں اگر ان کی اپ گریڈیشن نہ کی گئی ان کے خاندانوں کو مستقبل میں شدید مالی مسائل کا سامنا ہو گا اس لئے حکومت عدالت کے فیصلہ اور کابینہ کی منظوری کے مطابق اپ گریڈیشن کو حتمی شکل دے تاکہ ان کامستقبل محفوظ ہو سکے۔

Related Articles

Back to top button