قانون ساز اسمبلی کے چھ ارکان پر مشتمل پبلک اکاؤنٹس کمیٹی قائم‘عبدلماجدخان چیئرمین منتخب

مظفرآباد(خبر نگار خصوصی) حکومتِ آزاد جموں و کشمیر نے چھ ارکانِ قانون ساز اسمبلی پر مشتمل پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (PAC) قائم کر دی ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق سابق وزیرِ خزانہ اور رکنِ قانون ساز اسمبلی عبدالماجد خان کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے، جبکہ کمیٹی میں مختلف پارلیمانی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے دیگر پانچ ارکان بھی شامل ہیں۔ممبران میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان،کرنل ریٹائرڈ وقار نور،اکبر البراہین خان،پروفیسر ڈاکٹر کوثر تقدیس گیلانی،عاصم شریف بٹ شامل ہیں۔بطور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالماجد خان کو سرکاری گاڑی، فیول کی سہولت، قانون ساز اسمبلی میں دفتر اور ضروری سٹاف فراہم کیا جائے گا۔ کمیٹی سرکاری محکموں کے مالی معاملات، آڈٹ رپورٹس اور عوامی وسائل کے استعمال کی نگرانی کی ذمہ دار ہو گی۔سیاسی مبصرین کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا قیام شفافیت، احتساب اور مالی نظم و ضبط کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔




