آزادکشمیر میں ٹیکس نظام میں اصلاحات، اے ٹی ایل مسائل حل پر اتفاق
میرپور (پی آئی ڈی) چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے آفس واقع اسلام آباد میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد جموں و کشمیرسینٹرل بورڈ آف ریوینیو اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مابین ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ، پالیسی ہم آہنگی، ڈیجیٹل انٹیگریشن اور ریونیو نظام کو درپیش مختلف دیرینہ مسائل پر تفصیلی اور جامع غور و خوض کیا گیا۔اجلاس کی صدارت چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیرخوشحال خان نے کی جس میں چیئرمین آزاد جموں وکشمیر سینٹرل بورڈ آف ریونیو (CBR) محمد رقیب خان، انسپکٹر جنرل آف پولیس آزاد جموں و کشمیر، کمشنر ان لینڈ ریونیو(نارتھ زون) اشتیاق احمد، کمشنر ان لینڈ ریونیو(ساؤتھ زون) سید انصر علی، اور ڈپٹی کمشنراکسائز سرکل میرپور/فوکل پرسنAJ&K CBR شامل تھے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ممبر انکم ٹیکس پالیسی سجاد تسلیم اعظم، پراجیکٹ ڈائریکٹر TTS جاویداقبال تارڑ اورزین العابدین ساہی ڈائریکٹر جنرل (IT & DT) نے اجلاس میں شرکت کی اور مختلف پالیسی، قانونی اور تکنیکی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کے آغاز میں آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے فنانس ایکٹ 2024 کی نان ایڈاپٹیشن کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی، جس کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر کے ایکٹو ٹیکس پیئرز کی فہرست (ATL) کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سسٹمز میں تسلیم نہ کیے جانے کا سنگین مسئلہ سامنے آیا۔ اس عدم شناخت کے باعث ٹیکس دہندگان کو انکم ٹیکس، ودہولڈنگ اور دیگر ٹیکس معاملات میں عملی مشکلات کا سامنا رہا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے نمائندگان نے اس موقع پر واضح کیا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے فوری نوعیت کے اقدامات کیے جا چکے ہیں۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ مورخہ 11 دسمبر2025ء کو انکم ٹیکس کی ATLکے متعلق باضابطہ ڈرافٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ ATL اور اس سے منسلک تمام متعلقہ معاملات کے حل کے لیے ایک جامع اور پائیدارIT سلوشن جلد ہی متعارف کروایا جائے گا۔اس ڈرافٹ نوٹیفیکیشن کو بہت جلد حتمی شکل دے دی جائی گئی جس سے ATLسے متعلقہ دیرینہ مطالبہ کا تصفیہ ہو جائے گا۔ اجلاس میں سیلز ٹیکس سے متعلق امور پر بھی تفصیلی بحث کی گئی، خصوصاً آزاد جموں و کشمیر کے سیلز ٹیکس رجسٹرڈ پرسنز کے ان پٹ ٹیکس کلیمز کی ایڈجسٹمنٹ میں درپیش رکاوٹوں اور مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اس تناظر میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ آزاد جموں و کشمیر کے سیلز ٹیکس فائلرز کی ATL کو ایف بی آر کے سیلز ٹیکس سسٹم میں ریکگنائز نہ کیے جانے کے باعث مختلفcross-jurisdictional اور تکنیکی پیچیدگیاں پیدا ہو رہی ہیں۔اس موقع پر ممبر پالیسی ایف بی آر نے یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کے مستقل حل کے لیے متعلقہ قوانین اور رولز میں ضروری ترامیم کی جائیں گی، تاکہ انہیں ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ آزاد جموں و کشمیر کے قانونی و انتظامی فریم ورک کے مطابق ہم آہنگ بنایا جا سکے۔




