چیف الیکشن کمشنر GBنے حکومت کی جانب سے دائر درخواست کی ابتدائی سماعت کی تاریخ مقرر کر دی

گلگت(محاسب نیوز)معزز چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان جناب راجہ شہباز خان نے حکومتِ گلگت بلتستان کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل گلگت بلتستان کے توسط سے دائر کردہ درخواست کو 28 اکتوبر 2025ء (بروز منگل) دوپہر 1:00 بجے یہ جانچنے کے لیے کہ آیا درخواست قابلِ سماعت ہے یا نہیں، ابتدائی سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔درخواست میں الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے نوٹیفکیشن نمبر ELC-1(1)/GBE/2025 مورخہ 21 اکتوبر 2025ء کو چیلنج کیا گیا ہے، جس کے تحت حکومتِ گلگت بلتستان کے اختیارات معطل کر دیے گئے تھے۔اس ضمن میں ایڈووکیٹ جنرل گلگت بلتستان، وزیرِ قانون گلگت بلتستان، اور سیکریٹری قانون و استغاثہ گلگت بلتستان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ اور وقت پر معزز چیف الیکشن کمشنر جناب راجہ شہباز خان کے روبرو پیش ہو کر کمیشن کی معاونت کریں۔الیکشن کمیشن گلگت بلتستان اپنے آئینی و قانونی فرائض کی انجام دہی میں غیر جانب داری، شفافیت اور قانون کی مکمل پاسداری کے عزم پر کاربند ہے۔




