Uncategorized

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کے مظالم،37برس میں 936بچے شہید

سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مسلسل کارروائیوں کے دوران گزشتہ 37برسوں کے دوران 936 بچوں کو شہید کیا ہے۔ بھارتی فورسز کی کارروائیوں اورجبر کا سب سے زیادہ شکار بچے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ 936 بچے ان 96ہزار4 سو80 افراد میں شامل ہیں جو بھارتی فوجیوں، پیر املٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس، بارڈر سیکیورٹی فورس، اسپیشل آپریشن گروپ اور پولیس اہلکاروں نے یکم جنوری 1989 سے اب تک شہید کیے ہیں۔اس عرصے کے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہریوں کی ہلاکت سے مقبوضہ علاقے میں 1لاکھ8 ہزار 7 بچے یتیم ہو چکے ہیں۔ جنازے کے جلوسوں اور پرامن مظاہرین پر بھارتی فورسز کی طرف سے اندھا دھند فائرنگ، مہلک پیلٹ چھروں کے استعمال اور آنسو گیس کی شیلنگ سے ہزاروں بچے زخمی ہوئے ہیں اور سینکڑوں بصارت سے محروم ہوئے ہیں۔متاثرین میں 19 ماہ کی حبا جان، 4 سالہ زہرہ مجید، 8 سالہ آصف رشید، 8 سالہ اویس احمد، 10 سالہ آصف احمد شیخ اور 13 سالہ میر عرفات جیسے کم عمر بچے شامل ہیں۔ان میں سے کچھ بچے جزوی اور کچھ مکمل طور پر اپنی بصارت کھو چکے ہیں۔اگست 2019 میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد بھارتی فورسز اہلکاروں نے گرفتار کیے جانے والے ہزاروں کشمیریوں میں سکول جانے والے بچے بھی شامل ہیں، مقبوضہ علاقے کے یہ کمسن بچے اپنے والدین پر تشدد اور جبر کے مختلف ہتھکنڈوں کے سبب زندگی بھر کے لیے صدمے کا شکار ہیں۔

Related Articles

Back to top button