برادری یا مسلک کی سیاست کامیابی کی دلیل نہیں بن سکتی،پی پی قیادت

کھوئی رٹہ (بیور و رپورٹ) سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف، سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ، صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین، سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، وزراء اکرام چوہدری محمد رفیق نئیر، جاوید اقبال بڈھانوی، ظفر ملک اور دیگر رہنماؤں نے سابق وزیر تعلیم کالجز محمد مطلوب انقلابی مرحوم کی پانچویں برسی کے موقع پر بے نظیر ہاؤس دھنہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد مطلوب انقلابی ایک عہد کا نام اور پارٹی کمٹمنٹ کا استعارہ تھے۔ آج ہم سب ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وہ جہدوجہد، وفا، ہمت اور استقلال کا پیکر تھے، اور انہی کی راہ پر چلنا ہمارا اصل مشن ہونا چاہیے مقررین نے کہا کہ سیاست میں صرف لیڈر بننے کے لیے نہیں بلکہ کارکن بن کر خدمت کے جذبے سے آنا چاہیے۔ ووٹ دینا لڑنا نہیں ہوتا بلکہ اپنے قائد کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔ پیپلز پارٹی کا قیام مسئلہ کشمیر کے لیے ہوا، اور شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہزار سال تک کشمیر کی آزادی کے لیے لڑنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔ جب بھی آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت آئی، تعمیر و ترقی اور تحریکِ آزادی کشمیر کو ہمیشہ اولین ترجیح دی گئی انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں، کیونکہ مستقبل اسی سے وابستہ ہے۔ مشکل حالات میں حکومت کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے، لوگ ہم سے توقعات رکھتے ہیں۔ پاکستان بھی مختلف چیلنجز سے نبرد آزما ہے، لہٰذا ہمیں ایک قوم کی طرح متحد ہو کر ان مشکلات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ سیاسی جماعتوں کو رواداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے کیونکہ آج تک کوئی کسی کو ختم نہیں کر پایا۔ مثبت سوچ اپنانا ہوگی مقررین نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے اپنے حصے کا کام کرنا ہے۔ برادری یا مسلک کی بنیاد پر کی جانے والی سیاست کامیابی کی دلیل نہیں بن سکتی۔ آئیں، حکومت کی مثبت پالیسیوں کا ساتھ دیں اور آنے والے الیکشن میں اہل قیادت کا انتخاب کریں تاکہ بعد میں پچھتانا نہ پڑے۔ مطلوب انقلابی کو حقیقی خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ولید انقلابی کو آگے لانا ہے برسی کی تقریب سے صابزادہ ذوالفقار علی، چوہدری پرویز اکبر ایڈووکیٹ، عامر بشیر انقلابی ایڈووکیٹ، سردار شکور صدیق، چوہدری عبدالرزاق ایڈووکیٹ، سردار آفتاب انجم ایڈووکیٹ، ڈاکٹر یعقوب حیدر، چوہدری محبوب ایڈووکیٹ، حق نواز کٹاریہ، نور صابر ایڈووکیٹ، چوہدری جمیل ایڈووکیٹ، چوہدری جاوید ایڈووکیٹ، شیربان اکبر، سردار کلیم افسر، شبیر رضا چوہدری، عبدالرحمن ایڈووکیٹ، چوہدری جمیل اور دیگر نے بھی خطاب کیا تقریب کے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض چوہدری شفیق کلماروی نے انجام دیئے




