وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ اجلاس، بڑے فیصلے،ایکشن کمیٹی سے معاہدے کی توثیق
مظفرآباد(محاسب نیوز‘پی آئی ڈی)آزاد جموں وکشمیر کابینہ ترقیاتی کمیٹی نے 1818.924 ملین روپے مالیت کے تین بڑے منصوبوں کی منظوری دیدی۔ کابینہ ترقیاتی کمیٹی نے 500 کلو واٹ کے پٹھیالی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ مظفرآباد، 500 کلو واٹ کے ہڑیالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ مظفرآباد، 220 میٹر لمبے گلپور پل کی تعمیر کی منظوری دیدی۔ کابینہ ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات، سیکرٹریز حکومت ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ 500 کلو واٹ کے پٹھیالی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ مظفرآباد کے نظرثانی منصوبے پر 495.305 ملین روپے، 500 کلو واٹ کے ہڑیالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ مظفرآباد کے نظرثانی منصوبے پر 499.250 ملین روپے جبکہ 220 میٹر لمبے کے جی کے روڈ پر گلپور پل کی تعمیر پر 824.369 ملین روپے لاگت آئی گی۔ یہ تینوں منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہیں۔ ان میگا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے مقامی سطح پر بجلی کی ضرورت پوری ہونے کے ساتھ لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے جبکہ گلپور کے جی کے روڈ پر پل کی تعمیر سے عوام کے لیے سفری سہولیات میں آسانی ہوگی۔ اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائیگا، ان منصوبوں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے۔ ہمارے پاس وقت کم اور چیلنجز و مسائل زیادہ ہیں ہم نے کم وقت میں بہتر سے بہتر پرفارم کرنا ہے تاکہ لوگوں کی محرومیوں کا جس حد تک ازالہ کیا جا سکتا ہے وہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں موجودہ ہائیڈل کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کے لیے حکومت اپنی سالانہ ترقیاتی پروگرام سے دو منصوبے منصوبے شروع کرنے جارہی ہے ان منصوبوں کی تکمیل سے مقامی سطح پر بجلی کی ضرورت پوری ہوگی۔ وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں جاریہ ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔

