فوڈ اتھارٹی کی کارروائی،بدوں رجسٹرڈ کاروبار کرنے پر دکان سیل

مظفرآباد(محاسب نیوز)فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی کارروائی،بدوں رجسٹرڈ کاروبار کرنے پر دکان سیل،غیر معیاری آئل تلف۔تفصیلات کے مطابق فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے شہر کے مختلف علاقوں گوجرہ، اولڈ سیکرٹریٹ، گھڑی پن اور شوکت لائن میں قائم فوڈ پوائنٹس کے خلاف جامع کارروائی کی۔ اس دوران اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسرز قاضی شفیق الرحمن، سید قدیر حسین شاہ، راجہ منصور آزاد، راجہ ضیاء جاوید اور سید محب علی نقوی نے فوڈ ٹیکنالوجسٹ انیلہ عباسی کے ہمراہ صفائی ستھرائی، فوڈ ہینڈلنگ، حفظانِ صحت اور اشیائے خوردونوش کے معیار کا تفصیلی معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران متعدد مقامات پر فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت بغیر رجسٹریشن کاروبار کرنے کے شواہد سامنے آئے، جس پر غیر رجسٹرڈ دکان کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا جبکہ دیگر فوڈ پوائنٹس کو رجسٹریشن مکمل کرنے اور فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کی گئیں۔کارروائی کے دوران فوڈ ہینڈلنگ کے غیر مناسب طریقے، حفظانِ صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں،ناقص صفائی اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت بھی سامنے آئی جس پر موقع پر جرمانے عائد کیے گئے اور غیر معیاری آئل کو تلف کر دیا گیا



