مظفرآباد

خالد ابراہیم نے نظریاتی سیاست کی‘اسی مشن پر کاربند ہیں،حسن ابراہیم

کوٹلی(بیورورپورٹ) جموں کشمیر پیپلز پارٹی کی بنیاد سردار خالد ابراہیم نے رکھی تھی۔ اصولی، نظریاتی اور عوامی سیاست کے منشور پر قائم ہیں۔ شیخ فضل کریم کو مرکزی صدر اور دیگر عہدیداران کو منتخب ہونے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔سردار حسن ابراہیم۔ تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر پیپلز پارٹی ضلع کوٹلی کے سابق صدر عامر ساحل کی جانب سے نو منتخب عہدیداران کے اعزاز میں ایک شاندار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں پارٹی کی مرکزی قیادت نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں سردار حسن ابراہیم ممبر قانون ساز اسمبلی سمیت دیگر مرکزی راہنما بھی موجود تھے جن کا پھولوں کی پتیوں اور ڈھول کی تھاپ پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد مقررین نے جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے نظریے، عوامی سیاست اور تنظیمی استحکام پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مرکزی قیادت نے کارکنان کو پارٹی کی تنظیم کو مضبوط بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ سردار حسن ابراہیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی کی بنیاد بانی چیئرمین خالد ابراہیم خان نے اصولی، نظریاتی اور عوامی سیاست کے فروغ کے لیے رکھی تھی اور آج بھی پارٹی اسی مشن پر قائم ہے۔انہوں نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور انہیں پارٹی کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا اعتماد ان پر بھاری ذمہ داری عائد کرتا ہے۔سردار حسن ابراہیم نے نو منتخب صدر شیخ فضل کریم ایڈووکیٹ کو بھی مبارکباد دی اور ان کے لیے روشن مستقبل کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ فضل کریم کی قیادت میں پارٹی نئی توانائی اور جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھے گی۔تقریب کے آخر میں دعا کروائی گئی اور پروگرام کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا گیا۔

Related Articles

Back to top button