ایران پر بمباری ‘اسرائیل امت مسلمہ کی خاموشی سے فائدہ اٹھا رہا ہے‘سردار عتیق

راولپنڈی / مظفرآباد (محاسب نیوز)سردار عتیق احمد خان، صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا ہیکہ موجود ہ صورتحال اہمیت کی حامل ہے ، ایک طرف پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑ رہا ہے تو دوسری جانب اسرائیل کھلی دہشت گردی کرکے ایران پر کھلے عام بمباری اور شہریوں سمیت املاک کو نقصان پہنچا کر امت مسلمہ کی خاموشی سے فائدہ اٹھا رہا ہے ، ان خیالات کااظہار انھوںنے گزشتہ روز راولاکوٹ ، نیلہ بٹ ، سے آئے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، انھوںنے کہا کہ پاکستان کی عوام خوش قسمت ہے فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر جیسی عسکری قیادت ملی ، وطن عزیز کی سرحدوں کی بہادر افواج محافظ ہے اور پاک فوج اس بیک وقت کئی سازشوں کا سامنا کرتے ہوئے دشمنوں سے لڑرہی ہے اوراپنی جان کی قربانیاں دے کر وطن عزیزکی حفاظت میں مصروف ہیں ، پاکستانی کشمیری قوم بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے ، پاکستان کی جانب کوئی بھی ملک میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات کرنے سے پہلے سو بار سوچے گا ، انھوںنے کہا اسرائیل ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ایران پر جنگ مسلط کئے ہوئے ہے جس کے اثرات تیسری عالمی جنگ تک پہنچ چکے ہیں اور اس جنگ میں وسعت آنے کے بڑی حد تک چانسز ہیں ، عالمی دنیا کو بے گناہ انسانیت کے قتل عام کا نوٹس لینا چاہیے کہ آخر کیوں مسلمان ممالک کو ہی ہر بار نشانہ بنایا جارہا ہے ،ایران کی عوام اورفوج بھی بہادر ہیں جو اپنا سب کچھ دائوپر لگا چکے ہیں اور انھیں نہ جنگ سے ڈرہے اور نہ ہی اپنی جانیں جانے کا ، اسرائیل ہی وہ بد بخت سہونی ہے جس نے ہندوستان سے گٹھ جوڑ کرکے پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہے مگر پاکستان کی بنیاد کلمہ طیبہ پر قائم ہوئی اور اس کو اللہ کے حکم سے اس کا کوئی کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتا ہے ، ایران پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اسے ایک ناقابل قبول عمل قرار دیتے ہیں۔ یہ حملہ نہ صرف ایران کی خودمختاری اور تمامیت ارضی پر حملہ ہے بلکہ یہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد پر بھی حملہ ہے۔کشمیری عوام ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیںہم اسلامی امت کے اتحاد اور یکجہتی کے لیے دعا کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ تمام مسلمان ممالک اس حملے کے خلاف یک زبان ہو کر بولیں۔




