مظفرآباد

باغ‘جمعیت علماء اسلام ہاڑی گہل کے انتخابات‘مولانا عبدالرزاق صدر منتخب

باغ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) جمعیت علماء اسلام تحصیل ہاڑی گہل کے تنظیمی انتخابات مدرسہ امدادالاسلام ہاڑی گہل میں منعقد ہوئے، جس کی صدارت معروف عالم دین مولانا عبدالصبور مدنی نے کی۔ اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے ضلعی اور تحصیل رہنماؤں سمیت جید علماء کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں سابق امیدوار اسمبلی مولانا عتیق احمد نقشبندی، مولانا ماجد، مولانا مقصود حیدری، مولانا واجد، مولانا شفیق، قاری اعظم، مولانا عبدالمتین، مولانا ابراہیم سالک، مولانا سرور نقشبندی اور دیگر شامل تھے۔اجلاس کے دوران تحصیل ہاڑی گہل کی تنظیم نو کے حوالے سے مشاورت کی گئی، جس کے بعد متفقہ طور پر مولانا عبدالرازق کو صدر اور قاری تنزیل الرحمان کو جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا، دیگر عہدیداران کا اعلان صدر اور جنرل سیکرٹری کی مشاورت سے بعد میں کیا جائے گا۔انتخاب کے بعد نو منتخب عہدیداران کو پھولوں کے ہار پہنا کر مبارک باد دی گئی۔ اس موقع پر علمائے کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نو منتخب قیادت جماعت کے نظریات، افکار اور مشن کو مضبوط بنیادوں پر آگے بڑھانے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔نو منتخب جنرل سیکرٹری قاری تنزیل الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت نے جو بھاری ذمہ داری ہم پر عائد کی ہے، ہم عہد کرتے ہیں کہ اسے ایمانداری، اخلاص اور استقامت کے ساتھ نبھائیں گے۔ انشاء اللہ جمعیت کے نظریات کو عام کرنے، کارکنوں کو متحد کرنے اور دینی و اجتماعی خدمات کے فروغ کے لیے اپنی پوری توانائیاں صرف کریں گے،انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علماء اسلام ایک دینی،سیاسی و فکری تحریک ہے جو نظام مصطفی ﷺ کے قیام، امت مسلمہ کی وحدت اور اسلامی تعلیمات کے نفاذ کے لیے کوشاں ہے، اور یہی ہمارا مشن و مقصد ہے۔اجلاس اختتام پذیر ہوا تو شرکاء نے اجتماعی دعا میں ملک و ملت کی سلامتی، وحدت امت اور خطہ آزاد کشمیر کی ترقی و استحکام کے لیے دعائیں کیں۔

Related Articles

Back to top button