مظفرآباد
قائد اعظم کے نظریات سے انحراف نے پاکستان کو مسائل سے دوچار کیا، سردار عتیق
لاہور(محاسب نیوز)آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کا دورہ لاہور، دورہ کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن بلوچستان کے مرکزی رہنما وفوکل پرسن یوتھ پروگرام برائے بلوچستان وسیکرٹری جنرل پاکستان اسمبلی آف مسلم یوتھ چوہدری نعیم کریم کی جانب سے صدرمسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کے اعزاز میں ظہرانہ۔پاکستان اسمبلی آف مسلم یوتھ کے بانی سابق چیئرمین صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کے نظریات سے انحراف نے پاکستان کو مسائل سے دوچار کیا ہے۔ دوقومی نظریے کے مقاصد ہی ہمارے استحکام کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ فکر اقبال کو منظم منصوبہ بندی کے تحت نئی نسل تک پہنچایا جائے۔ جواں سال نسل کا تحریک پاکستان اور ہمارے قائدین کے فکر و عمل سے آگاہ رہنا بے حد ضروری ہے۔ پاکستان کے مستقبل کو اپنی اساس سے جوڑ کر ہی کامیابی کا سفر جاری رکھا جاسکتا ہے۔ پاکستان اسمبلی آف مسلم یوتھ(PAMY) ملک بھر میں نظریاتی اور فکری لام بندی کای چیلنج قبول کرے۔ کسی قوم کے نظریات اور تخلیق کے مقاصد عمارت میں بنیادی پتھر کا کام کرتے ہیں۔ جس کے بغیر عمارت کا زیادہ دیر تک اصل حالت میں قائم رکھنا وقت کے ساتھ ساتھ بہت مشکل ہوتا چلا جاتا ہے۔ قائداعظم اور مسلم لیگ اگر انگریز اور ہندو دو طاقتور قوتوں کے درمیان سے پاکستان کو وجود میں لا سکتے ہیں تو آج ہم سب ملکر اسے مستحکم اور محفوظ کیوں نہیں بنا سکتے۔ بنیان مرصوص کے معرکے نے جنوبی ایشیا میں دفاعی طاقت کا توازن طویل عرصے تک تبدیل کردیا ہے۔ اس بدلے ہوئے دفاعی توازن سے استفادہ کرنے کے لئے ہمیں وسیع البنیاد منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔ قدرت نے معرکہ حق کے بعد ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنے، بہتر منصوبہ بندی کرنے اور تابناک مستقبل کے لیے بہترین موقع دیا ہے۔ اس موقع پر پاکستان اسمبلی آف مسلم یوتھ کے سابق چیئرمین و سابق سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ بار اسلم زار ایڈووکیٹ، سابق ایم پی اے نذر عباس شاہ، مہر جہانگیر ایڈووکیٹ، محمد اقبال بھٹی، رانا محمد رضوان ایڈووکیٹ اور دیگر کی شرکت کی، دریں اثناء آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے سابق وزیر امور کشمیر میاں منظور وٹو مرحوم کی رہائش گاہ جا کر ان کے بیٹے سابق تحصیل ناظم دیالپور میاں خرم وٹو اور صاحبزادی سابق ممبر قومی اسمبلی روبینہ منظور وٹو سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ میاں منظور وٹو ایک معتبر شخصیت تھے انھوں نے بحیثیت وزیر امور کشمیر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے، وہ ایک منجے ہوئے سیاستدان تھے ان کی وفات سے پڑنے والا خلاء مدتوں پورا نہیں ہو سکتا، اللہ پاک ان کی کامل بخشش فرمائے اور جنت الفردوس میں جگہ دے، اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن بلوچستان کے رہنماو سیکرٹری جنرل پاکستان اسمبلی آف مسلم یوتھ چوہدری نعیم کریم بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس کے بعد صدر مسلم کانفرنس نے اپنے سابق سٹاف آفیسر مرزا عظمت بیگ کے والد مرزا برکت علی بیگ کی وفات پر انکے بیٹے مرزا سعادت بیگ، داماد مرزا مجیب الرحمان بیگ اور نواسوں عبدالحسیب بیگ، مرزا عتیق الرحمان بیگ اور مرزا انیس الرحمان بیگ سے تعزیت کی، اس کے بعد انھوں نے مجاہد اول کے دریرینہ ساتھی شیخ اظہار احمد کی عیادت کی دریں اثناء انھوں نے لاہور میں پاکستان اسمبلی آف مسلم یوتھ پنجاب کے صدر وسیم خان سے انکی اہلیہ محترمہ کی وفات پر تعزیت کی اور مرحومہ کے بلند درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی۔




