گلگت چترال ایکسپریس وے سیاحت اور معیشت کے فروغ کیلئے انتہائی اہم ہے،وزیر اعلیٰ

گلگت(محاسب نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے زیر صدارت گلگت شندور ایکسپریس وے پر جاری کام کی رفتار اور زمینوں کے معاوضوں کی ادائیگی کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ہوا۔ جس میں سینئر صوبائی وزیر برائے محکمہ خوراک و سیاحت غلام محمد،معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ ذبیح اللہ، سیکریٹری قانون، کمشنر گلگت، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ڈپٹی کمشنر گلگت اور ڈپٹی کمشنر غذر شریک تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت چترال ایکسپریس وے صوبے میں

سیاحت اور معیشت کے فروغ کیلئے انتہائی اہم ہے۔ اس اہم منصوبے کے معیار اور رفتار کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ گلگت چترال ایکسپریس وے کے زد میں آنے والی زمینوں کے معاوضوں کی ادائیگی جلد ممکن بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکریٹری داخلہ،سیکریٹری قانون اور کمشنر گلگت کو اس موقع پر ہدایت کی کہ گلگت شندور ایکسپریس وے کی زد میں آنے والی زمینوں کے ریٹ میں اضافے کیلئے ڈپٹی کمشنر غذر کی سفارشات کی روشنی میں کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے سمری پیش کریں۔ بیرون لائن زمینوں کا معاوضہ دینے کیلئے جگلوٹ سکردو روڈ کے مرتب پالیسی کے تحت سفارشات صوبائی کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کئے جائیں۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے اس موقع پر کمشنر گلگت، ڈپٹی کمشنر گلگت اور ڈپٹی کمشنر غذر کو ہدایت کی کہ این ایچ اے سے فوری طور پر رابطہ کرکے گلگت چترال ایکسپریس وے کی زد میں آنے والی زمینوں کی فوری ڈی مارکیشن کیلئے اقدامات کریں تاکہ اس اہم منصوبے میں مزید تاخیر نہ ہو۔

مزید خبریں