رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی ریاستی دارالحکومت مظفرآباد میں پیشہ ور بھکاریوں کا راج

مظفرآباد (کرائم رپورٹر)رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی ریاستی دارالحکومت مظفرآباد میں پیشہ ور بھکاریوں کے گروہوں نے مختلف شاہراہوں، بازاروں، مساجد اور تجارتی مراکز کے باہر ڈیرے جما لیے ہیں، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر میں آنے والے بیشتر بھکاری مقامی نہیں بلکہ دیگر علاقوں سے منظم انداز میں لائے جاتے ہیں اور ان میں سے کئی خواتین اور بچے بھی شامل ہوتے ہیں ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بعض گروہ باقاعدہ کمیشن پر گداگری کرواتے ہیں، جہاں روزانہ کی بنیاد پر بھکاریوں سے مقررہ رقم وصول کی جاتی ہے جبکہ انہیں مخصوص مقامات پر کھڑا ہونے کی ہدایات دی جاتی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی پیشہ ور بھکاریوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آتا ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ مساجد اور بازاروں کے باہر رش اور بدنظمی پیدا ہو رہی ہے۔شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ پیشہ ور گداگری کے منظم نیٹ ورکس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور مستحق افراد کی باعزت مدد کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ پیشہ ورانہ گداگری کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔




