KIMکوالٹی مینجمنٹ فروغ کیلئے موثر کردار ادا کررہا ہے،چیف سیکرٹری

مظفرآباد(محاسب نیوز)آزاد جموں و کشمیرکشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینیجمنٹ (KIM) مظفرآباد کے زیرِ اہتمام ٹوٹل کوالٹی مینجمنٹ (TQM) پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ ورکشاپ میں 60 سے زائد شرکاء نے حصہ لیا جن میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور آزاد کشمیر کی مختلف جامعات کے سربراہانِ شعبہ (HoDs) شامل تھے۔ اختتامی تقریب کی صدارت چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر جناب خوشحال خان نے کی۔ورکشاپ کا مقصد سرکاری اداروں میں TQM اصولوں کے فہم اور عملدرآمد میں بہتری لانا تھا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل KIM ڈاکٹر مقیم الاسلام اور زبیرانوارجو کوالٹی مینجمنٹ کے ممتاز ماہر ہیں مہمان مقرر کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ دونوں معزز مقررین نے TQM کے اصولوں کو سرکاری نظم و نسق میں مؤثر طریقے سے شامل کرنے کے حوالے سے انتہائی مفید نکات پیش کیے، جنہیں شرکاء نے مقامی تناظر میں نہایت کارآمد قرار دیا۔تقریب کے دوسرے روز ورکشاپ مکمل کرنے والے شرکاء کے اعزاز میں گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ابرار احمد، چیف انسٹرکٹر KIM نے ورکشاپ کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جس میں کورس کے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔ انہوں نے مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے عوامی اداروں میں کوالٹی مینجمنٹ کے فروغ کیلئے بھرپور جذبے کا اظہار کیا۔ڈائریکٹر جنرل KIM ڈاکٹر مقیم الاسلام نے اپنے خطاب میں کوالٹی مینجمنٹ کی اہمیت اجاگر کی، جو نہ صرف سرکاری خدمات کے معیار میں بہتری کا ذریعہ بنتی ہے بلکہ حکمرانی کے اعلیٰ اصولوں کو فروغ دیتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ TQM سرکاری اداروں میں تسلسل کے ساتھ بہتری، بہتر سروس ڈیلیوری اور مجموعی کارکردگی میں اضافہ یقینی بناتا ہے۔اُنہوں نے بتایا کہ ٹوٹل کوالٹی مینجمنٹ کے اصول اپنا کر لی کوان کی قیادت میں سنگا پور اور ڈاکٹر مہاتیر محمد کی قیادت میں ملائیشا حیران کن ترقی اور گڈ گورننس کی منازل طے کر چکے ہیں۔چیف سیکریٹری آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے KIM اور ڈاکٹر مقیم الاسلام کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ ریاست میں کوالٹی مینجمنٹ کے فروغ کیلئے انتہائی مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے شرکاء کو مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اس تربیت سے حاصل شدہ علم کو اپنے محکموں میں انتظامی بہتری اور اچھی حکمرانی کے فروغ کیلئے استعمال کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کیں۔چیف سیکرٹری خوشحال خان نے ڈائریکٹر جنرلKIM کو معزز اراکین قانون ساز اسمبلی، سیکرٹری صاحبان حکومت اور ایڈیشنل سیکرٹری صاحبان کے لیے اس تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کی بھی ہدایت کی۔ڈاکٹر مقیم الاسلام کی قیادت اور ورکشاپ کے مؤثر انتظامات کو شرکاء نے بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا، اور اسے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ نہایت موزوں قرار دیا۔ورکشاپ ایک نئے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، جس میں شرکاء نے TQM کے اصولوں اور تکنیکوں کو عملی طور پر اپنانے کا عہد کیا، تاکہ آزاد کشمیر میں سرکاری نظم و نسق اور عوامی خدمات میں مزید بہتری لائی جا سکے۔


