میر واعظ گھرانہ سری نگر میں تحریک آزادی کی قیادت سنبھالے ہوئے ہیں‘سردار عتیق

سعودی عرب /مظفرآباد(محاسب نیوز)آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ میرواعظ کشمیر مولوی محمدیوسف شاہ جیسے قومی مشاہیر اور رہنماؤں کی روشن کی ہوئی شمع آج کشمیری نواجونوں نے تھام رکھی ہے اور وہ اس شمع کو اپنی جانوں کی قیمت پر روشن اور فروزاں رکھے ہوئے ہیں۔سابق صدر آزادکشمیر، سابق صدرمسلم کانفرنس میرواعظ مولوی محمدیوسف شاہ کی برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ میرواعظ گھرانے نے کشمیر میں اسلامی اقدار کے فروغ اور ریاست کے اسلامی تشخص کی بقاء بحالی کیلئے تاریخ ساز کردار ادا کیا ہے۔اس گھرانے کی سماجی خدمات بھی کسی طور پر نظر انداز کرنے کے قابل نہیں۔سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ مولوی محمد یوسف شاہ نے ڈوگرہ عہد میں مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے غاصب قوتوں کو للکارااور اسلامیان کشمیر کو اپنے نظریہ پاکستان کے ساتھ چوڑنے کا تاریخی کارنامہ انجام دیا۔اس جدوجہد میں انہیں ہجرت بھی کرنا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی میر واعظ گھرانہ سری نگر میں تحریک آزادی کی قیادت سنبھالے ہوئے ہیں۔بھارت پوری قوت کے استعمال کے باجود حق وصداقت کی آواز کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔جامع مسجد سے بلند ہونے والی صدائیں بھارت کو للکار رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرواعظ کشمیر مولوی محمد یوسف ایک عالم دین، سیاست دان، مفسر قرآن تھے جنہوں نے کشمیری قوم کی سیاسی اور دینی رہنمائی کی۔میرواعظ مرحوم نے صدر آزادکشمیر کی حیثیت سے آزاد خطہ کی ابتدائی تعمیروتشکیل میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔




