تازہ ترینمظفرآباد

ساتھ جینے مرنے کا عہد حقیقت، میاں بیوی ایک ہی روز چل بسے

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ)ساتھ جینے اور ساتھ مرنے کا عہد حقیقت بن گیا،جہلم ویلی کی یونین کونسل سینا دامن میں میاں،بیوی ایک ہی دن اللہ کو پیارے ہو گئے،علاقہ کی فضا سوگ میں ڈوب گئی،ہر آنکھ اشکبار۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے قریبی ساتھی سینا موہری کے رہائشی حسن دین مغل چند دن قبل اخروٹ کے درخت سے گر کر زخمی ہو گئے تھے،چند دن تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد اللہ کو پیارے ہو گئے،ان کی جدائی کا غم ان کی اہلیہ برداشت نہ کر سکیں اور وہ بھی چند ہی گھنٹوں بعد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں،یوں دونوں میاں بیوی ایک ہی دن میں دنیا سے کوچ کر گئے اور محبت و وفا کی ایک انوکھی مثال قائم کر گئے،میاں بیوی کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقہ میں امام مسجد خلفائے راشدین سیناموہری قاری صدیق کی اقتدا میں ادا کی گئی،جس میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدر صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ،پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدر سید زیشان حیدر،سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے فرزند راجہ عثمان حیدرخان،ممبر ضلع کونسل جہلم ویلی سید ساجد ہمدانی،راجہ نزاکت،خطیب مرکزی جامع مسجد امام اعظم ابو حنیفہ چناری مولانا فرید احمد،مفتی جمیل احمد جامی،مولوی مطیع الرحمن،مولانا یونس قریشی،حافظ عبدالشکور حسان،قاری ضیاء الرحمن،حافظ نسیم ہڑیالوی،قاری شبیر احمد،مفتی ساجد،چیئرمین یونین کونسل سینا دامن سردار جہانگیر،صداقت فاروق،طیب وحید،مولوی خلیل الرحمن،چوہدری اسرائیل،سید امتیاز ہمدانی ایڈووکیٹ سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی،جس کے بعد مرحومین کو آبائی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے سائے میں منوں مٹی تلے سپرد خاک کردیا گیا،ان کی نماز جنازہ کے موقعہ پر رقت آمیز مناظر سامنے آئے،تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدرصاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ میاں بیوی کتنے خوش نصیب تھے کہ زندگی کا سفر بھی ساتھ گزارا اور موت بھی ایک ساتھ نصیب ہوئی،شاید انہوں نے دعا کی ہو کہ ایک دوسرے کے بغیر نہ جئیں اور اللہ تعالی نے ان کی دعا قبول کر لی،سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ میرے دیرینہ اور مخلص ساتھی حسن دین مغل کی وفات میرے لیے ناقابلِ بیان صدمہ ہے مرحوم سے دہائیوں پر محیط تعلق ایک لمحے میں ٹوٹ گیا،اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت،لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے،علاقے میں اس واقعے نے سوگ کی فضا قائم کر دی ہے، لوگ اشکبار آنکھوں کے ساتھ یہ کہہ رہے تھے کہ یہ محبت اور رفاقت کی حقیقی تصویر تھے جو زندگی کی طرح موت میں بھی جدا نہ ہوئے۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Related Articles

Back to top button