کابینہ اجلاس‘ عاصم شریف بٹ کا باشندہ ریاست سرٹیفکیٹ منسوخ‘سروس ٹریبونلز ترمیمی ایکٹ منظور

مظفرآباد(پی آئی ڈی/محاسب نیوز)آزادجموں وکشمیر کابینہ نے آزادجموں وکشمیر سروس ٹریبونلز ترمیمی ایکٹ 2026، باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نظرثانی میزانیہ 2024-25 و تخمینہ میزانیہ 2025-26، تھانہ پولیس شاردہ کے لیے خالصہ سرکارکی منظوری دیدی۔ کابینہ نے ایجنڈا آئیٹم‘ منسوخی باشندہ ریاست سرٹیفکیٹ بحق محمد عاصم شریف بٹ ولد محمد شریف بٹ ساکنہ محلہ اندرون حرم گیٹ محلہ تلاں والی ملتان”کی بھی منظوری دیدی۔ کابینہ کا اجلاس وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور کی زیر صدارت وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز حکومت اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ کابینہ کو میرپورہیلتھ کئیر ہسپتال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نیآزادجموں وکشمیر گرانٹ آف خالصہ سرکار (گراونڈ رینٹ اینڈ لیز) ترمیمی قواعد 2025 پر وزیرمال کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی۔ کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور نے کہاکہ اوورسیز کنونشن آزادکشمیر کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ بیرون ملک مقیم کشمیری ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی تجاویز کو حکومتی پالیسی کا حصہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کشمیریوں کی سرمایہ کاری، سیاحت اور فلاحی منصوبوں میں بھرپور شمولیت یقینی بنائی جائے گی تاکہ ریاست کی ترقی کا عمل مزید تیز ہو سکے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ اوورسیز کنونشن کے انعقاد کا مقصد بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو ریاست کی تعمیر و ترقی میں عملی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اوورسیز کشمیریوں کو درپیش مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور نے کہاکہ حکومت نے اپنے مختصرعرصہ میں عوام کا اعتماد بحال کرنے اور تعمیر وترقی کے عمل فاسٹ ٹریک کرنے کی کوشش کی ہے، عام آدمی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے وزیراعظم، وزراء اور بیوروکریسی کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔


