مظفرآباد

این ایس ایف کا مرکزی کنونشن 31جنوری کو کوٹلی میں ہوگا

مظفرآباد(محاسب نیوز)جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کا پچیسواں مرکزی کنونشن، جو 31 جنوری 2026 کو کوٹلی میں منعقد ہو رہا ہے، قومی شعور، طلبہ حقوق اور جمہوری جدوجہد کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر نجیب اللہ نے مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر نجیب اللہ نے کہا کہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن گزشتہ چھ دہائیوں سے طلبہ کے حقوق، تعلیمی مسائل اور قومی تشخص کے تحفظ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ تنظیم کا پچیسواں مرکزی کنونشن اسی طویل جدوجہد کا تسلسل ہے، جو اس خطے میں جاری طلبہ اور عوامی تحریکوں کو ایک نئی سمت اور حوصلہ فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کنونشن نوجوانوں میں سیاسی شعور اجاگر کرنے اور منظم جدوجہد کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ 2011 میں اس وقت کی حکومت کے دور میں سٹوڈنٹس یونین کی بحالی ایک خوش آئند اقدام تھا، تاہم بدقسمتی سے تاحال طلبہ یونین کے انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں بنایا جا سکا۔ موجودہ حکومت نے بھی اس حوالے سے کمیٹی قائم کر رکھی ہے، مگر عملی اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ طلبہ یونین کے انتخابات نہ ہونے کے باعث تعلیمی اداروں میں جمہوری روایات کمزور اور موروثی سیاست کو فروغ ملا ہے۔

Related Articles

Back to top button